شہری کو ہراساں کرنے پر ہائیکورٹ برہم، تفتیشی افسر کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم

میرپور(کشمیر ڈیجیٹل)تفتیشی افسر کا شہری کو بلا جواز ہراساں کرنا مہنگا پڑ گیا، ہائیکورٹ میرپور پولیس افسر پر برہم،گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم۔

آزاد جموں و کشمیر ہائی کورٹ میرپور کے معزز جج جسٹس خالد رشید چوہدری نے میرپور کے شہری کو بلاجواز ہراساں کرنے کے معاملے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سٹی تھانہ میرپور کے تفتیشی افسر کے خلاف کارروائی کا حکم دیدیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بھارتی ایماء پر بھونکنے والا ’’باہوت بلوچ‘‘ اکاؤنٹ ہمیشہ کیلئے ٹوئٹر سے فارغ

ممتاز قانون دان اجمل سلطانی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کی رٹ پر سماعت کے دوران عدالت نے تفتیشی افسر کو بروقت پیش نہ ہونے اور شہری کو خلاف قانون طلب کرنے پر گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔

عدالت نے سخت سرزنش کرتے ہوئے واضح کیا کہ کوئی بھی پولیس افسر یا اہلکار کسی شہری کو ناجائز طور پر ہراساں، گرفتار یا حوالات میں بند نہیں کر سکتا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:موسمیاتی تبدیلیاں صدی کا سب سے بڑا چیلنج ہیں، سیکرٹری ہلال احمر

عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ قانون کی بالادستی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

دوسری جانب آزادکشمیر بھر میں پولیس اصلاحات کے جو آئی جی نے وعدے کررکھے ہیں ان پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے تاحال کوئی اقدامات سامنے نہیں آسکے ۔