پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) نے آرسنل کو پنلٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دے کر مسلسل دوسری بار یوایفا چیمپیئنز لیگ کا تاریخی ٹائٹل اپنے نام کر لیا، فتح کے بعد پیرس میں ہنگامے پھوٹ پڑے۔
پیرس :پیرس سینٹ جرمین (PSG) نے فائنل کے سنسنی خیز مقابلے میں آرسنل کو پنلٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دے کر مسلسل دوسری بار یوایفا چیمپیئنز لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے، تاہم اس تاریخی فتح کے بعد فرانس کے دارالحکومت پیرس میں شدید ہنگامے اور جلاؤ گھیراؤ شروع ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیں: نیپالی کرکٹر کوشل بھرتیل نے چین کیخلاف ٹی 20میں 6 چھکے جڑ دئیے
تفصیلات کے مطابق ہنگری کے دارالحکومت بوڈاپیسٹ کے پوسکاس ایرینا میں کھیلے گئے فائنل میچ کا فیصلہ مقررہ وقت اور اضافی وقت میں مقابلہ برابر رہنے کے بعد پنلٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔ میچ کے چھٹے منٹ میں آرسنل کے کائی ہاورٹز نے شاندار گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، تاہم دوسرے ہاف میں پی ایس جی کے عثمان ڈیمبیلے نے پنلٹی کک کو گول میں تبدیل کر کے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔
اضافی وقت (ایکسٹرا ٹائم) میں بھی کوئی ٹیم گول نہ کر سکی جس کے بعد فیصلہ پنلٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا، جہاں پی ایس جی نے 3-4 سے کامیابی حاصل کر کے اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی پی ایس جی نے فائنل میں انٹر میلان کو شکست دے کر پہلی بار یہ ٹرافی جیتی تھی۔
پیرس میں فتح کا جشن ہنگاموں میں تبدیل:
دوسری جانب پی ایس جی کی اس تاریخی کامیابی کے فوراً بعد پیرس کی سڑکوں پر جشن اچانک پرتشدد مظاہروں اور ہنگاموں میں تبدیل ہو گیا۔ فرانسیسی دارالحکومت میں مظاہرین نے پولیس پر بوتل بم پھینکے، دکانوں پر حملے کیے اور کچرے کے ڈبوں سمیت سڑک پر موجود دیگر سامان کو آگ لگا دی۔
مزید پڑھیں: ٹی 20 سہ فریقی سیریز: پاکستان ویمن کو آئرلینڈ نے 7 وکٹوں سے شکست دے دی
ان جھڑپوں کے دوران درجنوں گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا جبکہ مظاہرین اور پولیس کے درمیان ہونے والی لڑائی میں 7 اہلکار زخمی ہو گئے۔ پولیس نے فائنل میچ کے پیش نظر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پیرس میں 22 ہزار اہلکار تعینات کیے تھے، تاہم اس کے باوجود جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کا سلسلہ نہ روکا جا سکا۔



