کوشل بھرتیل

نیپالی کرکٹر کوشل بھرتیل نے چین کیخلاف ٹی 20میں 6 چھکے جڑ دئیے

نیپالی کرکٹر کوشل بھرتیل نے چین کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک اور یادگار کارنامہ انجام دیتے ہوئے نئی تاریخ رقم کر دی ۔

ایشین گیمز کوالیفائر کے ایک میچ میں نیپال نے چین کے خلاف شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ اسکور کیا، جو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ کے بڑے اسکورز میں شمار ہوتا ہے ۔

سنگاپور میں کھیلے گئے اس مقابلے میں نیپالی بیٹرز نے ابتدا ہی سے جارحانہ انداز اپنایا اور چینی بولرز کو شدید دباؤ میں رکھا۔ پوری اننگز کے دوران نیپال کے بلے بازوں نے مجموعی طور پر 29 چھکے لگائے، جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ بیٹنگ کتنی تباہ کن رہی ۔

اس تاریخی اننگز کے سب سے بڑے ہیرو اوپنر کوشل بھرتیل رہے، جنہوں نے شاندار اور دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 43 گیندوں پر 129 رنز اسکور کیے ۔ ان کی اننگز میں 16 فلک شگاف چھکے شامل تھے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ٹی 20 سہ فریقی سیریز: پاکستان ویمن کو آئرلینڈ نے 7 وکٹوں سے شکست دے دی

کوشل بھرتیل کی اننگز کا سب سے یادگار لمحہ نویں اوور میں دیکھنے میں آیا، جب انہوں نے چین کے اسپنر Chen Zhuo Yue کے ایک ہی اوور میں مسلسل 6 چھکے جڑ دیے۔ اس اوور میں مجموعی طور پر 37 رنز بنے، جو میچ کا ایک اہم اور تاریخی لمحہ ثابت ہوا ۔

کوشل بھرتیل ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک اوور میں 6 چھکے لگانے والے چھٹے بیٹر بن گئے ہیں۔ ان سے قبل بھارت کے یوراج سنگھ، ویسٹ انڈیز کے کیرون پولارڈ، نیپال کے دیپندرا سنگھ ایری، ساموا کے ڈیرئیس وائزر اور بلغاریہ کے منان بشیر یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں ۔

نیپال نے اس میچ کے ذریعے ایک اور منفرد ریکارڈ بھی اپنے نام کیا، کیونکہ وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں دو مرتبہ 300 سے زائد رنز بنانے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ اس سے قبل بھی نیپال 314 رنز کا مجموعہ بنا چکی ہے جبکہ زمبابوے کے نام 344 رنز کا عالمی ریکارڈ موجود ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:عرفات منہاس ڈیبیو پر 5 وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی بولر بن گئے

314 رنز کے ہدف کے تعاقب میں چین کی ٹیم ابتدا سے ہی دباؤ کا شکار دکھائی دی اور پوری ٹیم صرف 92 رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔ اس طرح نیپال نے 221 رنز کے بھاری مارجن سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنی برتری واضح انداز میں ثابت کر دی ۔