ڈبلن : آئرلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان ویمنز کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ٹی 20 سہ فریقی سیریز میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کر لی ۔
کیسل ایونیو میں کھیلے گئے میچ میں آئرلینڈ نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 177 رنز کا ہدف 19.1 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ۔ میزبان ٹیم کی کامیابی میں ربیکا اسٹوکیل نے مرکزی کردار ادا کرتے ہوئے ناقابل شکست 60 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ۔
انہوں نے 42 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور ٹیم کو فتح کے قریب پہنچایا۔اوپنر ایمی ہنٹر نے بھی عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 44 گیندوں پر 56 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 7 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا ۔
کپتان اورلا پرینڈرگاسٹ نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 17 گیندوں پر ناقابل شکست 33 رنز اسکور کیے اور ٹیم کو فتح دلا دی ۔ ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کو ابتدا میں ایک نقصان اٹھانا پڑا، تاہم ایمی ہنٹر اور ربیکا اسٹوکیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اہم شراکت قائم کی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان کرکٹ کا مستقبل روشن ہے : کپتان شاہین شاہ آفریدی
بعد ازاں آخری اوورز میں اسٹوکیل اور پرینڈرگاسٹ نے تیز رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے میچ پاکستان کی پہنچ سے دور کر دیا۔پاکستان کی جانب سے عائشہ ظفر سب سے کامیاب بولر رہیں، جنہوں نے 3 اوورز میں 24 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ رامین شمیم ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہیں ۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے ۔ اوپنر منیبہ علی نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 41 گیندوں پر 65 رنز اسکور کیے، جس میں 8 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے ۔
یہ ان کے ٹی 20 انٹرنیشنل کیریئر کی چھٹی نصف سنچری بھی تھی۔گل فیروزہ نے 15 گیندوں پر 32 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ سائرہ جبین نے 36 رنز بنا کر منیبہ علی کے ساتھ اہم شراکت قائم کی ۔
کپتان فاطمہ ثنا نے آخر میں 21 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور 176 تک پہنچایا ۔ سیریز میں یہ پاکستان کی مسلسل دوسری شکست ہے، اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے بھی پاکستان کو 25 رنز سے ہرایا تھا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:دوسرا ٹی 20:زمبابوے کیخلاف پاکستان ویمنز ٹیم کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری
دوسری جانب ویسٹ انڈیز اب تک اپنے دونوں میچ جیت چکی ہے، آئرلینڈ ایک فتح حاصل کر چکا ہے جبکہ پاکستان تاحال کامیابی حاصل نہیں کر سکا ۔



