آل راؤنڈ کارکردگی، عرفات منہاس نے اہم اعزاز حاصل کر لیا

راولپنڈی: سہ ملکی سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں اپنی آل راؤنڈ کارکردگی سے انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرنے والے قومی ٹیم کے کرکٹر عرفات منہاس نے اہم اعزاز حاصل کرلیا۔ 

راولپنڈی میں کھیلےگئے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں:آئی سی سی نے پاکستان اور سری لنکن ٹیموں کو سزائیں سنا دیں

پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50اوورز میں 9وکٹ پر 302 رنز بنائے جس کے جواب میں انگلش ٹیم 39ویں اوور میں 215رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے عرفات منہاس نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، انہوں نے مشکل وقت میں59رنز کی اننگ کھیلی اور پھر 40 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔

اس کارکردگی کے ساتھ ہی عرفات منہاس ون ڈے انٹرنیشنل میں نصف سنچری بنانے اور اس ہی میچ میں 5 یا اس سے زائد وکٹیں حاصل کرنے والے تیسرے پاکستانی کھلاڑی بن گئے۔

اس سے قبل شاہد آفریدی 3 بار اور عبدالرزاق ایک بار یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

شاہد آفریدی نے سب سے پہلے  2000 میں لاہور میں انگلینڈ کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیا تھا، جب انہوں نے 61 رنز بنانے کے ساتھ 40 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں:سہ ملکی سیریز،پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دیدی

شاہد آفریدی کو عالمی کرکٹ میں یہ کارنامہ سب سے زیادہ مرتبہ انجام دینےکا منفرد اعزاز بھی حاصل ہے۔ وہ ون ڈے انٹرنیشنل میں3 مرتبہ ایک ہی میچ میں نصف سنچری بنانے کے ساتھ 5 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

اس کے علاوہ عبدالرزاق نے سال 2000 میں بھارت کے خلاف 70 رنز اسکور کرتے ہوئے  5 وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔