مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) یونین کونسل اعوان پٹی کے مختلف علاقوں بٹلیاں، دوپٹہ، میرا دادو، میرا بلہ، پھگون اور درونی کے نوجوانوں کا ایک اہم اجلاس دوپٹہ گراؤنڈ میں منعقد ہوا ۔
اجلاس میں بجلی کے دیرینہ مسائل، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور دیگر عوامی مشکلات پر تفصیلی غور کیا گیا ۔ اجلاس میں نوجوانوں اور مقامی افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور علاقے کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس کے دوران متفقہ طور پر 20 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی، جس میں وحید بشیر اعوان ایڈووکیٹ، رضوان احمد اعوان، ارسلان سلیم، راجہ صداقت، بابر چیمہ، ملک یاسر، راجہ ساجد ظہیر، راجہ عاطف لطیف، افضال اعوان، مہران اعوان، احسن اعوان، عاقب منظور اعوان، نثار عباسی، راجہ الطاف خان، سجیل راجپوت، قذافی اعوان، خرم شمس، مہتاب کھوکھر، ایاز قریشی سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:راولاکوٹ، کوسٹر حادثے کا شکار، 6 افراد زخمی،2 کی حالت تشویشناک
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ علاقے میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، کم وولٹیج، بار بار بجلی کی ٹرپنگ اور خستہ حال برقی نظام نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کی ناقص فراہمی کے باعث روزمرہ زندگی، کاروبار اور طلبہ کی تعلیم شدید متاثر ہو رہی ہے ۔ کمیٹی نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ علاقے کے لیے مقامی لائن مین تعینات کیا جائے ۔
درختوں کی شاخ تراشی کا عمل شروع کیا جائے، درست میٹر ریڈنگ کو یقینی بنایا جائے، بوسیدہ تاروں اور پولز کو تبدیل کیا جائے اور دوپٹہ کے غیر فعال ٹرانسفارمر کو فوری طور پر بحال کیا جائے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مہاجرین نشستوں بارے فیصلہ آئینی اداروں کی ذمہ داری ،ڈاکٹر مشتاق خان
اجلاس میں متنبہ کیا گیا کہ اگر بجلی سمیت دیگر عوامی مسائل جلد حل نہ کیے گئے تو بھرپور احتجاجی لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا ۔




