محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی برقرار رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں موسم عمومی طور پر گرم اور خشک رہے گا، جبکہ بعض علاقوں میں درجہ حرارت مزید بڑھنے کا امکان ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال سے کمزور اور مرطوب ہوائیں پنجاب کے شمال مشرقی اور مشرقی علاقوں کی جانب بڑھ رہی ہیں، تاہم بالائی فضا میں ہوا کے دباؤ کے باعث ان ہواؤں کے اثرات محدود رہنے کا امکان ہے ۔
ماہرین کے مطابق یہ صورتحال آئندہ 36 گھنٹوں تک برقرار رہ سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ، جنوبی اور مشرقی بلوچستان سمیت خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے جبکہ ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آئندہ 24گھنٹوں میں موسم کیسا رہے گا؟محکمہ موسمیات نے وارننگ جاری کردی
آج بروز اتوار31 مئی کو سندھ، جنوبی و مشرقی بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں میں شدید گرمی کی پیش گوئی کی گئی ہے، تاہم کشمیر، شمال مشرقی پنجاب اور پوٹھوہار کے علاقوں میں تیز ہواؤں اور بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے ۔
یکم جون کو بھی زیادہ تر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، البتہ جنوبی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان اور شمال مشرقی سندھ کے بعض مقامات پر گرد آلود ہواؤں اور بارش کا امکان موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 3 جون کے بعد خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، شمال مشرقی بلوچستان اور بالائی پنجاب کے مختلف علاقوں میں آندھی اور بارش متوقع ہے، جس سے گرمی کی شدت میں کچھ کمی آ سکتی ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ملک کے بیشتر علاقوں میں محکمہ موسمیات نے بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کر دی
4 اور 5 جون کو بھی انہی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے ۔




