مظفرآباد:عیدالاضحی پر گھروں کو جانے والے پردیسیوں کو ٹرانسپورٹرز نے لوٹنا شروع کردیا، دو گنا کرائے وصول کرنے پر انتظامیہ نے ایکشن لیتے ہوئے کئی مقامات پر اضافی کرائے واپس کرادیئے۔
کئی مقامات پر انتظامیہ نے ٹرانسپورٹرز کو کھلی چھوٹ دیدی ہے اور مسافروں سے من مانے کرائے وصول کئے جا رہے ہیں جبکہ اوورلوڈنگ کی شکایات بھی زبان زد عام ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: قمر کاظمی نےاسسٹنٹ کمشنرحویلی کا چارج سنبھال لیا، ٹرانسپورٹ فٹنس چیکنگ کا حکم
اسسٹنٹ کمشنر دھیرکوٹ نے کوہالہ انٹری پوائنٹ پر دھیرکوٹ اور باغ جانے والے مسافروں سے وصول کئے گئے زائد کرایوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے فوری کارروائی کی۔
اسسٹنٹ کمشنر نے کارروائی کے دوران مسافروں سے مبینہ طور پر وصول کیے گئے ہزاروں روپے اضافی کرایہ واپس دلوایا گیا اور متعلقہ ٹرانسپورٹرز کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ مقررہ سرکاری کرایہ نامے کی پابندی یقینی بنائی جائے۔
انتظامیہ کے مطابق اس نوعیت کی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی تاکہ مسافروں کو غیر قانونی کرایہ خوری سے بچایا جا سکے۔
دوسری طرف آزادکشمیر میں کئی اور مقامات پر بھی انتظامیہ کی جانب سے ایکشن لیا گیا ہے جبکہ شکایات تما م شہروں سے موصول ہوئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ
ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ عید کے دنوں میں مسافروں کا غیر معمولی رش ہوتا ہے، جبکہ واپسی پر اکثر گاڑیاں ایک سائیڈ سے خالی واپس آتی ہیں، جس کی وجہ سے انہیں مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اسی وجہ سے بعض اوقات کرایوں میں اضافہ کیا جاتا ہے۔ تاہم انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی صورت سرکاری کرایہ نامے سے زائد وصولی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔




