جہلم ویلی ،مشتبہ اور بلاک شناختی کارڈز کے کیسز کو جلد ازجلد نمٹانے کا فیصلہ

جہلم ویلی میں امن و امان، سکیورٹی اور حساس معاملات کے جائزہ کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی سردار فیصل مغل کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں سکیورٹی اداروں، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ضلع بھر کی مجموعی امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔

یہ بھی پڑھیں:معرکہ حق کا ایک سال مکمل ،جہلم ویلی پاک فوج زندہ باد ، پاکستان پائندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا

غیر ملکی شہریوں بالخصوص افغان شہریوں کے انخلا کے حوالے سے حکومتی پالیسی اور جاری اقدامات پر غور کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی کہ افغان شہریوں کے انخلا کے عمل کو قانون اور حکومتی ہدایات کے مطابق یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں تمام ریکارڈ مکمل رکھا جائے۔

اجلاس میں بلاک شناختی کارڈز کے معاملات بھی زیر بحث آئے۔ اس موقع پر ہدایت کی گئی کہ مشتبہ اور بلاک شناختی کارڈز کے کیسز کو متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل کوآرڈینیشن کے ذریعے جلد از جلد نمٹایا جائے تاکہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: ہائیکورٹ کا بڑا حکم: جہلم ویلی اور پلندری محکمہ صحت میں بھرتیاں معطل

ڈپٹی کمشنر سردار فیصل مغل نے کہا کہ ضلع میں امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام ادارے باہمی تعاون اور مؤثر رابطے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔

انہوں نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قومی سلامتی کے تقاضوں کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔