پاکستان میں سونے کی قیمت میں بڑی کمی، فی تولہ آج کتنے کا ہو گیا؟

(کشمیر ڈیجیٹل) عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد پاکستان میں بھی سونا اور چاندی مزید سستے ہو گئے، جس کے باعث صرافہ مارکیٹ میں کاروباری سرگرمیوں پر واضح اثرات دیکھنے میں آ رہے ہیں۔

بین الاقوامی صرافہ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 68 ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد عالمی سطح پر سونے کا نرخ 4480 ڈالر فی اونس پر آ گیا۔ عالمی مارکیٹ میں آنے والی اس کمی کے اثرات فوری طور پر مقامی مارکیٹ میں بھی منتقل ہوئے اور پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں بڑی کمی دیکھنے میں آئی۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی مارکیٹ میں سونا مستحکم، خام تیل کی قیمتوں میں 2 فیصد سے زائد گراوٹ

صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق بدھ کے روز ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 6800 روپے کی نمایاں کمی ہوئی، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 70 ہزار 362 روپے کی سطح پر آ گیا۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 5830 روپے کمی ریکارڈ کی گئی اور نئی قیمت 4 لاکھ 3 ہزار 259 روپے مقرر کی گئی۔

چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی کا رجحان برقرار رہا۔ فی تولہ چاندی 125 روپے سستی ہونے کے بعد 7 ہزار 974 روپے کی سطح پر آ گئی۔

ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں طلب میں کمی اور ڈالر کی مضبوطی کے باعث قیمتی دھاتوں کی قیمتوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔ سونا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری تصور کیا جاتا ہے اور افراط زر، سیاسی غیر یقینی صورتحال یا معاشی بحران کے دوران اس کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جاتا ہے۔ تاہم عالمی سطح پر استحکام اور ڈالر کی مضبوطی کی صورت میں سرمایہ کار دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کو ترجیح دیتے ہیں، جس کے نتیجے میں سونے کی قیمتوں میں کمی واقع ہوتی ہے۔

مزید پڑھیں: سونا اور چاندی ایک بار پھر مہنگے، نئی قیمتیں جاری