مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)چوہدری اعجاز ایڈووکیٹ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی حکومت نے مختصر مدت میں تاریخی اقدامات اٹھائے ہیں
آزاد کشمیر میں تین ارب روپے کا عظیم تعلیمی پیکیج کی منظوری اوریونین کونسل جھنڈ گراں میں 19 نئے تعلیمی ادارے کے قیام پر پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت لائق تحسین ہے۔
معین ارشاد اعوان یوتھ کونسل یوسی جھنڈگراں،راجہ امجد الطاف خان چیئرمین یونین کونسل جھنڈ گراں،خوشنود اعوان،محبوب اعوان، محمود الحسن اعوان صدر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن آزاد کشمیر، سیراب اعوان، دانش محمودو دیگر کارکنان و عہدیداران بھی موجود تھے۔
چوہدری اعجاز ایڈووکیٹ نے کہا کہ نومبر میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت قائم ہونے کے بعد آزاد کشمیر میں پائی جانے والی سیاسی بے چینی، خلفشار اور غیر یقینی صورتحال کا خاتمہ ہوا اور عوام کو ایک بار پھر جمہوری و پارلیمانی نظام پر اعتماد ملا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران آزاد کشمیر میں سیاسی ماحول سرد مہری اور غیر فعالیت کا شکار تھا، جبکہ عوام یہ محسوس کر رہے تھے کہ سیاسی جماعتیں اپنی شناخت اور نظریات کھو رہی ہیں، مگر پاکستان پیپلز پارٹی نے حکومت سنبھالتے ہی سیاسی نظام کو فعال اور مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
چوہدری اعجاز ایڈووکیٹ نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت میں قائم حکومت نے مختصر ترین عرصے میں عوامی فلاح و بہبود کے متعدد تاریخی فیصلے کئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر بھر میں عوامی رابطہ مہم کا آغاز کیا، جلسے اور عوامی اجتماعات منعقد کیے اور سیاسی عمل کو دوبارہ زندہ کیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:راجہ فاروق حیدر خان کی رٹ پٹیشن پر عدالت عالیہ کا بڑا حکم
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا سب سے بڑا کارنامہ آزاد کشمیر کی تاریخ کا عظیم تعلیمی پیکیج ہے جس کے تحت تقریباً تین ارب روپے مختص کئے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ریاست کی ترقی مضبوط اور معیاری تعلیمی نظام کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے بھی علم کو بنیادی حیثیت دی ہے اور پہلی وحی ”اقرأ“ کی صورت میں نازل ہوئی اس لئے تعلیم کے فروغ کے بغیر معاشرے ترقی نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے پورے حلقہ کھاوڑہ میں 63 نئے تعلیمی ادارے قائم کیے جن میں سے 19 ادارے یونین کونسل جھنڈ گراں میں دیئے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ یونین کونسل میں چار ہائی سکول، پانچ مڈل سکول، ایک گرلز ہائر سیکنڈری سکول اور نو نئی پرائمری سکولوں کی منظوری دی گئی تاکہ دور دراز علاقوں کے بچوں کو تعلیم کی بہتر سہولیات میسر آسکیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ تمام ترقیاتی اقدامات اجتماعی کوششوں، قیادت کے اعتماد اور کارکنان کی محنت کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے یونین کونسل جندر کے چیئرمین راجہ امجد الطاف، ممبر ضلع کونسل راجہ پرویز اور دیگر ساتھیوں کی خدمات کو بھی سراہا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مہاجرین کی 12 اسمبلی نشستیں، خاتمے یا کمی کے آپشنز پر غور کیلئے آج اعلیٰ سطحی اجلاس طلب
چوہدری اعجاز ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی غریب، محنت کش اور متوسط طبقے کی نمائندہ جماعت ،شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اس جماعت کی بنیاد عام آدمی کے حقوق کے تحفظ کیلئے رکھی۔
انہوں نے کہا کہ آج بھی پارٹی قیادت عوامی سیاست، مساوات، بھائی چارے، علم، قلم اور جمہوری اقدار پر یقین رکھتی ہے۔ تشدد، اسلحہ کلچر، تھانہ کچہری اور نفرت کی سیاست کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے کبھی سیاسی بنیادوں پر تفریق نہیں کی بلکہ ن لیگ، مسلم کانفرنس یا کسی بھی جماعت سے تعلق رکھنے والے علاقوں میں بھی عوامی ضرورت کے مطابق سکول اور دیگر ادارے قائم کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم کسی ایک جماعت کی نہیں بلکہ پوری قوم کی ضرورت ہے اور پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کو تعلیمی سہولیات دینے کی سیاست کرتی رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2026 کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر کے ایک بار پھر حکومت بنائے گی اور ترقی و خوشحالی کا سفر مزید تیز کیا جائے گا۔
آخر میں انہوں نے صحافی برادری اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت کا مشن جاری رکھا جائے گا۔




