عازمین

امسال ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی عازمین فریضہ حج ادا کریں گے: ترجمان وزارتِ مذہبی امور

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان سے حج 2026 کیلئے عازمین کی سعودی عرب روانگی کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے اور اب تک ایک لاکھ 23 ہزار 684 پاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں ۔

وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق یہ تعداد پاکستان کے مجموعی حج کوٹے کا تقریباً 69 فیصد بنتی ہے ۔

ترجمان نے بتایا کہ اس سال مجموعی طور پر ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی عازمین فر یضہ حج ادا کریں گے، جن میں سرکاری اور نجی دونوں اسکیموں کے حاجی شامل ہیں ۔

سرکاری حج اسکیم کے تحت تقریباً 97 ہزار عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں جبکہ 26 ہزار سے زائد نجی حج اسکیم کے عازمین بھی وہاں موجود ہیں ۔

وزارت کے مطابق سرکاری اسکیم کے تقریباً 81 فیصد حاجی سعودی عرب منتقل کیے جا چکے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ آج مزید 6 ہزار 643 عازمین 26 مختلف پروازوں کے ذریعے سعودی عرب روانہ ہوں گے۔

حج پروازوں کا آپریشن اسلام آباد، کراچی، لاہور، کوئٹہ، ملتان، سیالکوٹ، فیصل آباد اور سکھر سمیت مختلف شہروں سے جاری ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:عازمینِ حج کے لیے نئے انتظامی اور حفاظتی اقدامات متعارف

پاکستان سے پری حج فلائٹ آپریشن 21 مئی تک جاری رہے گا، جس کے بعد تمام عازمین کی سعودی عرب منتقلی مکمل کر لی جائے گی ۔

ترجمان مذہبی امور کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف سیکریٹری مذہبی امور کے ہمراہ جلد پاکستان حج مشن کا دورہ کریں گے ۔

اس دوران انہیں جاری حج انتظامات، عازمین کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور آپریشنل معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔

وفاقی وزیر مکہ مکرمہ میں پاکستانی عازمین کی رہائشی عمارتوں کا معائنہ بھی کریں گے ۔

وزارتِ مذہبی امور کا کہنا ہے کہ معاونینِ حج، میڈیکل ٹیمیں اور فیلڈ اسٹاف عازمین کی خدمت اور رہنمائی کے لیے مسلسل متحرک ہیں ۔

پاکستانی عازمین کو رہائش، خوراک ، ٹرانسپورٹ اور طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ مکہ مکرمہ میں موجود ہزاروں پاکستانی عبادات اور حج کی تیاریوں میں مصروف ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:عازمین حج کیلئے نسک کارڈ اپنے پاس رکھنا کیوں ضروری ہے؟

دوسری جانب مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ منتقلی کا عمل بھی باقاعدگی سے جاری ہے ۔