پاکستان ٹیم

آئی سی سی نے سلو اوور ریٹ پر پاکستان ٹیم جرمانہ عائد کر دیا

ڈھاکا: بنگلا دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے ایک اور منفی پیش رفت سامنے آئی ہے ۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سلو اوور ریٹ پر پاکستان پر جرمانہ عائد کرتے ہوئے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں اس کے 8 پوائنٹس بھی کاٹ لیے ہیں ۔

آئی سی سی کے مطابق ڈھاکا ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم مقررہ وقت کے اندر مطلوبہ اوورز مکمل کرنے میں ناکام رہی اور مجموعی طور پر 8 اوورز کی کمی واقع ہوئی ۔

قواعد کے مطابق ہر کم اوور پر ایک پوائنٹ منہا کیا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان کے 8 پوائنٹس کم کر دیے گئے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:دوسرا ٹی 20:زمبابوے کیخلاف پاکستان ویمنز ٹیم کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری

اس کے ساتھ ساتھ آئی سی سی نے کھلاڑیوں کی میچ فیس کا 40 فیصد جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ پوائنٹس کی کٹوتی کے بعد پاکستان ٹیم کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں درجہ بندی مزید متاثر ہوئی ہے ۔

بنگلا دیش کے ہاتھوں شکست کے بعد پہلے ہی ٹیم چھٹے سے ساتویں نمبر پر آ گئی تھی جبکہ تازہ پوائنٹس کٹوتی کے باعث پاکستان اب آٹھویں پوزیشن پر چلا گیا ہے ۔

واضح رہے کہ ڈھاکا میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو شکست دے کر تاریخ رقم کی تھی ۔

یہ بنگلادیش کی اپنی سرزمین پر پاکستان کے خلاف پہلی ٹیسٹ فتح تھی، جس کے ساتھ میزبان ٹیم کو دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہو گئی ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان آسٹریلیا ون ڈے سیریز،پی سی بی نے ٹکٹوں کا شیڈول جاری کردیا

دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ کل سے سلہٹ میں شروع ہوگا، جہاں بابر اعظم کی واپسی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔