مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل): حکومت آزاد جموں و کشمیر نے ریاست میں تعلیمی نظام کو مستحکم کرنے اور اساتذہ کی کمی دور کرنے کے لیے ایک بڑے ایجوکیشن پیکج کی مالیاتی منظوری دے دی ہے۔ محکمہ مالیات آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، اس پیکج کے تحت تعلیمی اداروں کی آپ گریڈیشن اور نئی آسامیوں کی تخلیق کا عمل فوری طور پر شروع کیا جائے گا۔
اس منظور شدہ تعلیمی پیکج میں ریاست بھر کے مجموعی طور پر 1035 سکول شامل کیے گئے ہیں، جن کے لیے حکومت نے 3319 نئی آسامیوں کی تخلیق کے لیے فنڈز اور مالیاتی رضا مندی فراہم کر دی ہے۔ ان آسامیوں کو مختلف زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ تعلیمی اداروں کی ضرورت کو پورا کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت آزاد کشمیر : پولیس ملازمین کے لیے صدارتی پولیس ایوارڈ اور نقد انعامات کا اعلان
پیکج کی تفصیلات کے مطابق، 368 آسامیاں مختلف سکولوں میں سٹاف کی موجودہ کمی کو پورا کرنے کے لیے مختص کی گئی ہیں۔ اس منصوبے کا سب سے اہم حصہ تعلیمی اداروں کی سطح بلند کرنا ہے، جس کے لیے 2692 آسامیاں اپ گریڈیشن کے عمل کے لیے تخلیق کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ، ریاست کے دور دراز علاقوں میں تعلیم کی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے 259 نئی آسامیاں نئے سکولز کے قیام کے لیے منظور کی گئی ہیں۔
محکمہ مالیات نے اس مالیاتی رضا مندی کے اجرا کے بعد واضح کیا ہے کہ اب گیند محکمہ تعلیم کے کورٹ میں ہے، جو ان آسامیوں پر عمل درآمد اور بھرتیوں کا باقاعدہ عمل شروع کرے گا۔ اس اقدام کو آزاد کشمیر میں تعلیمی ڈھانچے کی بہتری اور بے روزگار نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔




