ننھا بچہ

چین : بلند عمارت سے گرنے کے باوجود ننھا شیاؤمنگ زندگی کی جنگ جیت گیا

چین کے صوبے لیاؤننگ کے شہر ڈالیان میں ایک افسوسناک مگر حیران کن واقعہ پیش آیا، جہاں ایک 4 سالہ ننھا بچہ 11ویں منزل سے گرنے کے باوجود معجزانہ طور پرزندہ بچ گیا ۔

اطلاعات کے مطابق شیاؤمنگ نامی یہ بچہ واقعے کے وقت گھر میں اکیلا تھا، کیونکہ اس کے والدین سامان کی ترسیل کے سلسلے میں باہر گئے ہوئے تھے ۔ اسی دوران اس نے کسی طرح اپارٹمنٹ کی کھڑکی کھول لی اور نیچے جا گرا ۔

بچے کے والدین نے بتایا کہ انہوں نے گھر سے نکلتے وقت دروازہ بند کیا ہوا تھا اور کھڑکی بھی لاک تھی، جبکہ نگرانی کیلئے کیمرہ بھی نصب تھا تاکہ وہ بچے کو وقتاً فوقتاً دیکھ سکیں ۔

ان کے مطابق انہیں یقین تھا کہ بچہ محفوظ رہے گا، تاہم نامعلوم طور پر بچہ کھڑکی تک پہنچنے میں کامیاب ہوگیا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:راولپنڈی سے باغ جانیوالی کوسٹر حادثے کا شکار،مسافر معجزانہ طور پر بچ گئے

تقریباً دو گھنٹے بعد جب والد گھر واپس آیا تو بچہ موجود نہیں تھا ۔ تلاش کے دوران وہ عمارت کے نیچے زمین پر پڑا ملا، جس کے بعد اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا ۔

ڈاکٹروں نے بتایا کہ بچے کو شدید چوٹیں آئی ہیں، جن میں متعدد ہڈیوں کے ٹوٹنے کے ساتھ ساتھ جگر، پھیپھڑوں اور گردوں کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔

ابتدائی طور پر اس کی حالت انتہائی نازک قرار دی گئی تھی اور اس کے زندہ بچنے کے امکانات بہت کم، تقریباً 5 فیصد بتائے گئے تھے ۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق 18 دن کے علاج کے بعد بچے کی حالت میں بہتری آئی اور اسے انتہائی نگہداشت کے یونٹ (آئی سی یو) سے عام وارڈ میں منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:اسٹار اسکائی طیارہ سمندر میں گر گیا،مسافرمعجزانہ طور پر بچ گئے

بچے کے والدین اسے ایک معجزہ قرار دیتے ہوئے پر اُمید ہیں کہ وہ جلد مکمل صحتیابی حاصل کر لے گا ۔

Scroll to Top