آزاد کشمیر اور بالائی علاقوں میں بارش اور ژالہ باری، کراچی میں شدید ہیٹ ویو کا الرٹ

مظفرآباد/اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے کشمیر، گلگت بلتستان اور ملک کے دیگر بالائی علاقوں میں بارش، جبکہ کراچی میں شدید ہیٹ ویو کی پیشگوئی کر دی ہے۔ کشمیر اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کے امکانات ہیں جس سے موسم خوشگوار ہونے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور خطہ پوٹھوہار میں بارش متوقع ہے۔ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول چترال، بونیر، سوات، باجوڑ، مالاکنڈ، پارہ چنار، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور پشاور میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ پنجاب کے علاقوں راولپنڈی، مری، گلیات، چکوال اور لاہور سمیت فیصل آباد اور ساہیوال میں بھی بارش کا امکان ہے، جبکہ شمالی مشرقی پنجاب میں چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش ،آئندہ 24گھنٹوں میں موسم کیسا رہے گا؟

دوسری جانب کراچی میں ہیٹ ویو کے باعث آج موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ رواں ہفتے شہرِ قائد میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہے گی اور درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

Scroll to Top