مصر میں جاری ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ میں پاکستان کے ابھرتے ہوئے کھلاڑی نور زمان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایونٹ کا کامیاب آغاز کر دیا ہے۔
پاکستان کے نور زمان نے ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ کے اپنے پہلے میچ میں میزبان ملک مصر کے کھلاڑی ایڈم حول کو سخت مقابلے کے بعد شکست دے کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد نور زمان نے مصری پلیئر کو 2-3 سے زیر کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پہلا ٹیسٹ : پاکستان کا بنگلا دیش کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ
میچ کے دوران دونوں کھلاڑیوں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے میں آیا اور کھیل کے اتار چڑھاؤ نے شائقین کو آخر تک جوڑے رکھا۔ نور زمان کی جیت کا اسکور 11-9، 5-11، 11-7، 9-11 اور 11-8 رہا، جس سے ان کی مہارت اور اعصاب کی پختگی کا ثبوت ملتا ہے۔
ایونٹ میں شریک پاکستان کے دوسرے اہم کھلاڑی عاصم خان کو پہلے راؤنڈ میں ہی مشکل حریف کا سامنا کرنا پڑا۔ انہیں ورلڈ سیڈ 5 جوئیل ماکن نے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔ عاصم خان نے بھرپور کوشش کی تاہم عالمی نمبر پانچ کے تجربے کے سامنے وہ اپنی جگہ نہ بنا سکے۔
پاکستان کے تیسرے کھلاڑی عشب عرفان ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ میں اپنا پہلا میچ آج کھیلیں گے۔ شائقینِ کھیل کو عشب عرفان سے بھی بہتر کارکردگی کی توقعات وابستہ ہیں اور امید کی جا رہی ہے کہ وہ ایونٹ میں پاکستان کے لیے مزید کامیابیاں سمیٹیں گے۔



