تین روز کی مسلسل کمی کے بعد عالمی اور مقامی گولڈ مارکیٹس میں سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے مارکیٹ میں ہلچل پیدا ہو گئی ہے۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی صرافہ بازار میں 24 کیرٹ فی تولہ سونے کی قیمت میں 11 ہزار 100 روپے کا بڑا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 88 ہزار 962 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت بھی 9 ہزار 517 روپے بڑھنے کے بعد 4 لاکھ 19 ہزار 206 روپے ہو گئی ہے۔
چاندی کی قیمت میں اضافہ:
سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کی قیمتوں میں بھی تیزی کا رجحان دیکھا گیا ہے۔ فی تولہ چاندی کی قیمت 223 روپے اضافے کے بعد 8 ہزار 72 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے، جس سے زیورات کی خریداری کرنے والے صارفین پر مالی بوجھ میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عالمی مارکیٹ میں سونا مہنگا، قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں
عالمی منڈی کی صورتحال:
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں غیر معمولی تیزی ریکارڈ کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق عالمی منڈی میں فی اونس سونا 111 ڈالر مہنگا ہو کر 4 ہزار 666 ڈالر کی بلند سطح تک پہنچ گیا ہے۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر معاشی غیر یقینی صورتحال اور سرمایہ کاری کے بدلتے ہوئے رجحانات کے باعث سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا یہ سلسلہ ابھی جاری رہنے کا امکان ہے۔




