اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ‘روشن اپنی کار سکیم’ کا آغاز

حکومت پاکستان نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ایک بڑی سہولت کا اعلان کرتے ہوئے ‘روشن اپنی کار سکیم’ کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس سکیم کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانی اب پاکستان میں موجود اپنے اہل خانہ اور پیاروں کے لیے انتہائی آسان شرائط پر گاڑی حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مختلف بینکوں کے تعاون سے یہ خصوصی سکیم متعارف کرائی ہے، جس کا بنیادی مقصد اوورسیز پاکستانیوں کو روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے پاکستان میں گاڑی کی خریداری کے لیے آسان فنانسنگ فراہم کرنا ہے۔ حکام کے مطابق اس سکیم کے تحت درخواست جمع کروانے کا تمام عمل مکمل طور پر ڈیجیٹل رکھا گیا ہے، جس میں کسی قسم کی کاغذی کارروائی کی ضرورت نہیں ہوگی۔ درخواست گزار اپنے متعلقہ بینک کے آن لائن پورٹل کے ذریعے اس سکیم کے لیے باآسانی اپلائی کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ڈیجیٹل انقلاب:پاکستان نے جرمنی، فرانس اور اسپین کو پیچھے چھوڑ دیا، عالمی انڈیکس میں 16واں نمبر

اس سکیم کی سب سے اہم خصوصیت یہ ہے کہ درخواست جمع کروانے کے بعد محض 4 دن کے اندر قرض کی منظوری دی جا سکے گی۔ مزید برآں، گاڑی کی فراہمی کو بھی عام طریقہ کار کے مقابلے میں 50 فیصد تک تیز تر بنایا گیا ہے تاکہ اوورسیز پاکستانی کم سے کم وقت میں اپنے خاندان کے لیے گاڑی حاصل کر سکیں۔

قرض کے حصول کے لیے دو مختلف اقسام رکھی گئی ہیں، جن میں ‘فلوٹنگ ریٹ’ اور ‘فکسڈ ریٹ’ شامل ہیں۔ فلوٹنگ ریٹ کے تحت شرح سود مارکیٹ کے مطابق تبدیل ہوتی رہے گی۔ اگر کوئی درخواست گزار اپنے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ یا نیا پاکستان سرٹیفکیٹ کی رقم کو ضمانت کے طور پر رکھتا ہے، تو ‘لین بیسڈ فنانسنگ’ کے تحت اسٹیٹ بینک کے فلور ریٹ پر صرف ایک فیصد اضافی منافع وصول کیا جائے گا۔ جبکہ ‘نان لین بیسڈ فنانسنگ’ کی صورت میں 6 ماہ کے کائبور (KIBOR) ریٹ پر صرف ایک فیصد اضافی چارج کیا جائے گا۔

فکسڈ ریٹ کے تحت قرض کی شرح پورے عرصے کے لیے ایک ہی رہے گی، جسے بینک اپنے اخراجات یا پاکستان ری ویلیو ایشن ریٹ کی بنیاد پر طے کریں گے۔ بینک حکام کا کہنا ہے کہ ایک بار شرح طے ہونے کے بعد قرض کی مکمل واپسی تک اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ اس سکیم سے نہ صرف اوورسیز پاکستانیوں کو گاڑی کی خریداری میں آسانی ہوگی بلکہ ملک میں ترسیلات زر اور بینکاری نظام پر ان کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔

مزید پڑھیں: ٹیوٹا کمپنی کا مشہور زمانہ گاڑی فورچیونر کی قیمت میں بڑی کمی کا اعلان