ڈیجیٹل انقلاب:پاکستان نے جرمنی، فرانس اور اسپین کو پیچھے چھوڑ دیا، عالمی انڈیکس میں 16واں نمبر

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے ہفتے کے روز اعلان کیا ہے کہ پاکستان نے عالمی ٹیکنالوجی اور آؤٹ سورسنگ کے شعبے میں ایک غیر معمولی سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ ’گلوبل آؤٹ سورسنگ ٹیلنٹ انڈیکس‘ 2026 کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان دنیا کے 193 ممالک کی فہرست میں 16ویں نمبر پر آگیا ہے، جو کہ ملک کے مضبوط ڈیجیٹل ایکو سسٹم کی عکاسی کرتا ہے۔

وفاقی وزیر نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پاکستان اب ٹیلنٹ کی مسابقت کے لحاظ سے دنیا کے ٹاپ 9 فیصد ممالک میں شامل ہو چکا ہے۔ انہوں نے فخر سے اس بات کا تذکرہ کیا کہ پاکستان نے کئی بڑی معیشتوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، جن میں چین (37ویں)، ویتنام (32ویں) اور کولمبیا (31ویں) پوزیشن پر موجود ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان کی درجہ بندی برطانیہ (29ویں)، اسپین (49ویں)، فرانس (73ویں) اور جرمنی (84ویں) سے بھی کہیں بہتر ہے۔ وزیر آئی ٹی کے مطابق پاکستان نے افرادی قوت کی صلاحیت اور موافقت کے میٹرک میں 100 میں سے 80 اسکور حاصل کیا ہے، جس کی بدولت اسے عالمی سطح پر 8ویں بہترین ٹیلنٹ اسکور والا ملک قرار دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ہنرمند کشمیر وژن :آزاد کشمیر میں ڈویژنل سطح پر کالجز آف ٹیکنالوجیز کے قیام کی منظوری دیدی گئی

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا ٹیک سیکٹر سالانہ 20 فیصد کی شرح سے ترقی کر رہا ہے، جو یورپی یونین، مشرقِ وسطیٰ اور افریقی ممالک سے زیادہ ہے۔ یہ کامیابی آئی ٹی سروسز، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ اور ڈیجیٹل آؤٹ سورسنگ میں عالمی اعتماد کی علامت ہے، جو ملک کی برآمدی آمدنی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ گزشتہ چند سالوں میں پاکستان نے اپنی آئی ٹی پالیسیوں میں انقلابی تبدیلیاں کی ہیں، جس کا مقصد فری لانسرز اور ٹیک اسٹارٹ اپس کو عالمی منڈی تک رسائی فراہم کرنا ہے۔

مزید پڑھیں: کیا نیا عالمی معاہدہ ممکن ہے؟ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کااہم انکشاف

واضح رہے کہ ایک طرف علاقائی کشیدگی کی وجہ سے روایتی صنعتیں دباؤ کا شکار ہیں، وہاں پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر نے اپنی ’ورچوئل موجودگی‘ کے ذریعے ملکی برآمدات کو سہارا دیا ہے۔ گلوبل آؤٹ سورسنگ ٹیلنٹ انڈیکس میں یہ غیر معمولی بہتری دراصل حکومتی سطح پر ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی توسیع اور نوجوان افرادی قوت کی جدید تربیت کا نتیجہ ہے۔ یاد رہے کہ اس رینکنگ کے بعد بین الاقوامی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں اب پاکستان میں اپنے آؤٹ سورسنگ دفاتر قائم کرنے میں مزید دلچسپی لیں گی، جس سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

Scroll to Top