مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان فلاح پارٹی کے چیئرمین محمد رمضان مغل ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ اہل کشمیر اپنے حقوق کے حصول اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی منزل پاکستان کے تعاون اور مدد سے پا سکتے ہیں ۔ مہاجرین کی نشستیں ختم کرنا مسئلہ کشمیر سے دستبرداری کرنے کے مترادف ہو گا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب مظفرآباد میں پاکستان فلاح پارٹی جموں و کشمیر کے زیر اہتمام پاکستان زندہ باد کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر صرف جغرافیائی محل وقوع کا نام نہیں بلکہ ہزاروں سالہ روشن تاریخ و ثقافت کے ساتھ ساتھ صوفیاء کی فکر اور علم کی ترویج کے ان مٹ تاریخی تسلسل کا نام ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کشمیریوں کی جدوجہد اور حق خودارادیت کی تائید کرتے ہیں اور پاکستانیوں کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں جس کی واضح مثال 8 اکتوبر 2005 کے زلزلے نے ثابت بھی کیا جس میں ہزاروں پاکستانی نوجوان ،بزگ اور خواتین نے اس آزمائش کی گھڑی میں اپنے کشمیری بھائیوں کی ہر تکلیف کا مداوا کرنے کی کوشش کی ۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سیاسی صورتحال جنوبی ایشیائی ممالک پر اپنے اثرات مرتب کر رہی ہے تو ایسی صورتحال میں آزاد کشمیر کے بھائیوں کو انتہائی مدبرانہ اور اپنے مقبوضہ کشمیر کے مستقبل کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ کرنا ہوگا ، قائد اعظم اور اقبال کے فرامین کی روشنی میں جہدوجہد کو تیز کرنا ہو گا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:میرپور : صحافیوں کے وفد کی وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے اہم ملاقات
بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے ساتھ پورے ہندوستان میں اقلیتوں کے لیے زندگی اجیرن بنا دی ہے اور تمام انسانی حقوق کی پامالیاں روز کا معمول بن گیا ہے جس کے پیچھے بھارتی حکومت کے ہاتھ کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔
ہذا ہمیں مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر کے کشمیری بھائیوں کے مشترکہ مفادات اور سلامتی کے لیے پاکستان کے ساتھ اپنا مضبوط رشتہ استوار کرنا چاہیے ، پاکستان فلاح پارٹی آزاد کشمیر کے تمام کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے ساتھ ساتھ حریت رہنماؤں سید شبیر شاہ ، ملک یاسین ، اور ہماری کشمیری بہنوں کی آزادی تک ہر محاذ پر کشمیریوں کے ساتھ ہیں ۔
پاکستان فلاح پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید راشد گردیزی نے اپنے خطاب میں کہا کہ میرا تعلق بھی کشمیر سے ہے اور ہم اپنے علاقے اور اس کے باسیوں کو کبھی مایوس نہیں کریں گے بلکہ آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے اپنی کوششیں اور زیادہ تیز کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہیں ۔
سید راشد گردیزی نے کہا کہ ہم کشمیریوں کی جدوجہد کو تیز کرنے کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر کی آواز کو دنیائے عالم کے سامنے پیش کرنے کے لئے پاکستان فلاح پارٹی جموں و کشمیر کی بنیاد رکھ دی ہے جس کی رجسٹریشن جلد مکمل ہو جائے گی اور ہماری کشمیری قیادت محترمہ اختر بی بی اور محفوظ انقلابی باقاعدہ پارٹی کی بنیاد رکھنے والے ہیں جو آئندہ الیکشن میں پارٹی کی طرف سے اُمیدوار ہوں گے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:فیصل ممتاز راٹھور کی کوششوں کی بدولت جنیال میں مہاجرین کو مالکانہ حقوق مل گئے
آزاد کشمیر بھر میں پارٹی اپنے ٹکٹ پر اُمیدواروں کو کھڑا کرے گی جو کشمیریوں کے حقیقی راہنما ثابت ہونگے ، ان کے ہمراہ پنجاب کے صوبائی صدر ضمیر گجر جو جموں کے کشمیری مہاجرین میں سے ہیں اور سارنگ خان کیانی بھی موجود تھے ۔تقریب سے شوکت جاوید میر ترجمان وزیر اعظم آزاد کشمیر ،کشمیر کلچر اکیڈمی کے سابق ڈائریکٹر جنرل فیضان مغل ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا ۔




