پی ایس ایل

پی ایس ایل 11 فائنل : پشاور زلمی کا ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کرپہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سولہ زنز پر معاذ صداقت کی صورت میں حیدر آبادکنگز مین کی پہلی وکٹ گر گئی ۔ 

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس اہم مقابلے میں شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد موجود ہے اور ماحول انتہائی جوش و خروش سے بھرپور ہے ۔

ٹاس کے موقع پر پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے گفتگو میں کہا کہ لاہور میں ہمیشہ انہیں شائقین کی بھرپور سپورٹ ملتی ہے جس سے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھتا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی کوشش ہوگی کہ وہ اپنے منصوبے پر مکمل عمل کرے اور بہترین کارکردگی دکھا کر شائقین کو اچھا انٹرٹینمنٹ فراہم کرے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل 11 کی رنگا رنگ اختتامی تقریب،عارف لوہا ر کی آواز پر شائقین جھوم اُٹھے

بابر اعظم نے مزید کہا کہ بطور ٹیم ان کا ہدف فائنل میں مضبوط کھیل پیش کرنا اور ٹائٹل اپنے نام کرنا ہے ۔ دوسری جانب حیدرآباد کنگز مین کے کپتان مارنس لبوشین نے اپنے پہلے پی ایس ایل فائنل کو ایک یادگار موقع قرار دیا ۔

انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں ان کے لیے کافی اچھے لمحات رہے ہیں اور فائنل کھیلنا ان کے لیے انتہائی پرجوش تجربہ ہے ۔ لبوشین کا کہنا تھا کہ ٹیم بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتری ہے اور وہ ایک مضبوط مقابلے کے لیے تیار ہیں ۔

فائنل میچ سے قبل اسٹیڈیم میں ایک رنگا رنگ اختتامی تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں معروف فنکاروں نے اپنی شاندار پرفارمنس سے شائقین کو محظوظ کیا۔ موسیقی اور لائٹ شو نے ماحول کو مزید دلکش بنا دیا ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق فائنل میچ کے تمام ٹکٹس پہلے ہی فروخت ہو چکے ہیں، جس کے باعث قذافی اسٹیڈیم مکمل طور پر ہاؤس فل ہوگا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل 11:  فاتح ٹیم کو10 اور رنر اپ کو 5لاکھ ڈالر انعامی رقم ملے گی

تاہم محکمہ موسمیات نے لاہور میں رات کے وقت بارش، تیز آندھی اور گرج چمک کی پیشگوئی کی ہے، جس کے باعث میچ متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے ۔

Scroll to Top