قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پی ایس ایل کے گیارہویں ایڈیشن کی رنگا رنگ اور شاندار اختتامی تقریب نہایت جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوئی، جس نے نہ صرف کرکٹ کے شائقین بلکہ موسیقی سے دلچسپی رکھنے والے افراد کو بھی بھرپور انداز میں محظوظ کیا ۔
اس موقع پر اسٹیڈیم کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا تھا، جہاں جدید لائٹنگ، ثقافتی رنگوں اور پُرجوش ماحول نے ایک یادگار منظر پیش کیا۔ ہزاروں کی تعداد میں موجود تماشائیوں نے اس شاندار ایونٹ کو براہ راست دیکھا اور ہر لمحے سے لطف اندوز ہوئے ۔
تقریب کی سب سے بڑی کشش معروف لوک فنکار عارف لوہار کی جاندار اور توانائی سے بھرپور پرفارمنس تھی ۔ ان کے روایتی گیتوں، مخصوص اندازِ گائیکی اور ڈھول کی تھاپ نے اسٹیڈیم کے ماحول کو گرما دیا۔ ان کی آواز اور انداز نے حاضرین کو جھومنے پر مجبور کر دیا، جبکہ ہر طرف تالیاں اور نعرے گونجتے رہے ۔
ان کی پرفارمنس نے ثقافتی ورثے کی خوبصورت عکاسی کی اور تقریب کو ایک منفرد رنگ بخشا ۔ اس کے بعد مشہور گلوکار عاطف اسلم نے اسٹیج سنبھالا اور اپنی دلکش، سریلی اور جذباتی آواز میں کئی مقبول گیت پیش کیے ۔ ان کے گانوں کو شائقین نے بے حد سراہا اور ہر گیت پر زبردست داد دی گئی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل 11 فائنل : پشاور زلمی کا ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ
ان کی پرفارمنس نے ماحول کو مزید پرجوش اور دلنشین بنا دیا۔نوجوانوں کی پسندیدہ گلوکارہ آئمہ بیگ نے بھی اپنی پُراعتماد اسٹیج پرفارمنس اور خوبصورت آواز سے تقریب میں رنگ بھر دیا۔ ان کے گیتوں پر نوجوانوں نے بھرپور ردعمل دیا اور اسٹیڈیم میں جوش و خروش کی فضا قائم رہی ۔
اسی طرح عالمی شہرت یافتہ صوفی میوزک گروپ صابری سسٹرز نے اپنی روحانی اور وجدانی موسیقی کے ذریعے ایک مختلف اور پراثر سماں پیدا کیا، جس نے حاضرین کو سحر انگیز کیفیت میں مبتلا کر دیا ۔
دیگر فنکاروں نے بھی اپنی شاندار پرفارمنس سے اسٹیج کو مزید دلکش بنایا اور پورے اسٹیڈیم کو مسلسل تالیاں اور نعروں سے گونجتا رکھا۔ ہر فنکار نے اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین کے دل جیت لیے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیر اعظم سے محسن نقوی کی ملاقات،پی ایس ایل فائنل کیلئے بہترین انتظامات پر تبادلہ خیال
اختتامی تقریب کے بعد اب پی ایس ایل کے گیارہویں ایڈیشن کا سب سے بڑا مرحلہ یعنی فائنل شروع ہونے جا رہا ہے، جس میں پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، اور شائقین ایک سنسنی خیز مقابلے کی توقع کر رہے ہیں ۔



