ٹیلنٹ

تنقید کا جواب نہیں دونگا،اچھا کرو تب بھی تنقید ہوتی ہے ، کپتان پشاور زلمی بابراعظم

لاہور(کشمیر ڈیجیٹل)پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ، اصل ضرورت اس بات کی ہے کہ کھلاڑیوں کی درست انداز میں شناخت کی جائے اور انہیں ان کے موزوں فارمیٹ میں موقع دیا جائے ۔

زندہ دلان لاہورمیں پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ ہر کھلاڑی ہر فارمیٹ کیلئے یکساں طور پر موزوں نہیں ہوتا، اس لیے یہ سمجھنا انتہائی اہم ہے کہ کون سا پلیئر ٹی 20، ون ڈے یا ٹیسٹ کرکٹ کیلئے زیادہ بہتر ہے ۔

انہوں نے زور دیا کہ اگر کسی ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ کو ٹیسٹ میں کھلایا جائے تو اس کی کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے، اس لیے ٹیلنٹ کو نکھارنے اور درست سمت دینے کی ضرورت ہے ۔

بابراعظم نے اپنی کارکردگی کے حوالے سے کہا کہ حالیہ میچز میں وہ اپنی اور شائقین کی توقعات پر پورا نہیں اتر سکے، تاہم وہ مسلسل اپنی پرفارمنس بہتر بنانے پر توجہ دے رہے ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل، فخر زمان نے کئی ریکارڈ بنا کر بابراعظم کو پیچھے چھوڑ دیا

انہوں نے واضح کیا کہ وہ تنقید کا جواب دینے کے بجائے اپنے کھیل سے جواب دینا پسند کرتے ہیں کیونکہ کرکٹ میں اچھا کھیلنے کے باوجود بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہر کپتان کی طرح ان کی بھی خواہش ہے کہ وہ اپنی ٹیم کے ساتھ ٹرافی جیتیں ۔ بابراعظم کے مطابق پشاور زلمی کے ساتھ ان کا سفر مثبت رہا ہے اور ٹیم نے مجموعی طور پر تینوں شعبوں میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے ۔

کپتان پشاور زلمی نے کہا کہ ہر میچ دباؤ سے بھرپور ہوتا ہے جبکہ پی ایس ایل فائنل کا دباؤ اس سے بھی زیادہ ہوتا ہے ۔ بابراعظم نے ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کی بھی تعریف کی اور کہا کہ ہر کھلاڑی نے اپنی ذمہ داری بخوبی نبھائی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:میرے نصیب میں جو ہو گا مل کر رہے گا،بابراعظم،بڑادعویٰ بھی کردیا

انہوں نے خاص طور پر سری لنکن کرکٹر مینڈس کو ایک تجربہ کار کھلاڑی قرار دیا اور کہا کہ ان کی موجودگی ٹیم کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتی ہے ۔