زمیندار

راجن پور، زمیندار بے زبان جانور گائے کی ٹانگ کاٹ دی،مقدمہ درج

راجن پور:راجن پور کے علاقے بیٹ سونترہ میں جانوروں کے ساتھ ظلم کا ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں مبینہ طور پر ایک بااثر زمیندار نے گائے کی ٹانگ کاٹ دی ۔

اس واقعے نے مقامی سطح پر تشویش اور غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے جبکہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے ۔

پولیس حکام کے مطابق یہ مقدمہ تھانہ کوٹ مٹھن میں درج کیا گیا ہے ۔ ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ ملزم نے کسی ذاتی تنازع یا جھگڑے کے نتیجے میں اس غیر انسانی فعل کا ارتکاب کیا ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ وا قعے کی اطلاع ملنے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری ایکشن لیا اور ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ۔

واقعے کے بعد لائیو اسٹاک (ویٹرنری) ڈیپارٹمنٹ کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں اور زخمی گائے کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:نیلم ویلی،گھر میں آتشزدگی، پاک فوج کا ریسکیو آپریشن ، انسانوں اور جانوروں کو بچالیا

ماہرین کا کہنا ہے کہ جانور کی حالت تشویشناک ہو سکتی ہے، تاہم اسے بچانے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے ۔

علاقہ مکینوں نے اس واقعے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ دار افراد کو سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے ۔

جانوروں کے حقوق کے حوالے سے کام کرنے والے حلقوں نے بھی اس واقعے کی مذمت کی ہے اور حکام سے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے ۔

واضح رہے کہ پاکستان میں جانوروں کے ساتھ ظلم و زیادتی کے خلاف قوانین موجود ہیں، جن کے تحت ایسے اقدامات کرنے والوں کو سزا دی جا سکتی ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وادی لیپہ میں جنگلی جانوروں کا بڑھتا خطرہ، عوام مشکلات کا شکار

یہ واقعہ اس بات کی یاد دہانی ہے کہ معاشرے میں جانوروں کے ساتھ ہمدردی اور ذمہ داری کے رویے کو فروغ دینا نہایت ضروری ہے ۔

Scroll to Top