راولاکوٹ (کشمیر ڈیجیٹل) صدر ڈرگ کیمسٹ ایسوسی ایشن ضلع پونچھ خالد عاشق نے دیگر عہدیداران چیف آرگنائزر عدنان زرین، سیکرٹری نشر و اشاعت عفان احمد اور سیکرٹری مالیات آصف اور زرین خان کے ہمراہ غازی ملت پریس کلب میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے 4 مئی کو ہونے والے ڈیلی میڈیسن ٹینڈر کے حوالے سے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے محکمہ صحت عامہ اور متعلقہ اداروں کی توجہ اس امر کی جانب مبذول کرواتے ہوئے کہا کہ سی ایم ایچ ہسپتال کے احاطے میں قائم ایک متنازعہ میڈیکل سٹور کے خلاف پہلے ہی اعتراضات موجود ہیں۔
جبکہ اس معاملے پر ایک کیس عدالت میں بھی زیر سماعت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال میں خدشہ ہے کہ مذکورہ میڈیکل سٹور کو فائدہ پہنچانے کیلئے ٹینڈر جاری کئے جا رہے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ایران کی بہادری نے امریکہ اور اسرائیل کو دنیا میں رسوا کردیا، لیاقت بلوچ
کیمسٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے بتایا کہ اس سے قبل 16 مارچ کو ہونے والے ٹینڈر میں بھی آٹھ رجسٹرڈ میڈیکل سٹورز نے انہی تحفظات کی بنیاد پر اعتراضات اٹھائے تھے جس کے باعث وہ ٹینڈر بھی متاثر ہوا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس حوالے سے سیکرٹری ہیلتھ، ڈرگ کنٹرول حکام اور دیگر متعلقہ اداروں کو متعدد بار تحریری درخواستیں دی جا چکی ہیں، تاہم تاحال کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہماری ایسوسی ایشن کا مقصد ادویات کی فراہمی میں رکاوٹ ڈالنا نہیں بلکہ شفاف، منصفانہ اور میرٹ پر مبنی خریداری کے عمل کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیمسٹ برادری کسی فرد یا ادارے سے محاذ آرائی نہیں چاہتی، بلکہ صرف قانون کے مطابق شفاف ٹینڈرنگ پراسیس کا مطالبہ کر رہی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:خیبر پختونخوا :پی ٹی آئی اختلافات کا شکار، جوائنٹ سیکرٹری عہدے سے مستعفی
رہنماؤں نے کہا کہ میرپور میں بھی اس نوعیت کا ایک غیر قانونی میڈیکل سٹور قائم کیا گیا تھا، جسے معزز عدالت نے ختم کر دیا تھا، لہٰذا یہاں بھی قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔
پریس کانفرنس کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ راولاکوٹ کی کیمسٹ برادری نے ہر مشکل وقت میں عوام کی خدمت کی ہے اور ہنگامی حالات میں بھی ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا۔
انہوں نے محکمہ صحت عامہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ متنازعہ فریق کو 4 مئی کے ٹینڈر میں شرکت سے فوری روکا جائے
ٹینڈر کو مؤخر کیا جائے تاکہ شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جا سکے۔ بصورت دیگر، ایسوسی ایشن قانونی، انتظامی اور عوامی سطح پر مزید اقدامات کا حق محفوظ رکھتی ہے۔



