اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل)ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے کے باعث ملک بھر کے گڈز ٹرانسپورٹرز نے مال برداری کے اخراجات میں 5 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا ہے ۔
پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے اپنے بیان میں حکومتی پالیسیوں پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بڑھتے ہوئے آپریشنل اخراجات نے انہیں یہ قدم اٹھانے پر مجبور کیا ہے ۔
ان کے مطابق موجودہ حالات میں ٹرانسپورٹ انڈسٹری شدید دباؤ کا شکار ہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر پالیسیوں میں فوری تبدیلی نہ کی گئی تو ملک کا پورا ٹرانسپورٹ نیٹ ورک متاثر ہو سکتا ہے اور بعض صورتوں میں مکمل بندش تک نوبت آ سکتی ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ انتظامات کے تحت مال بردار آپریٹرز کو کوئی خاطر خواہ فائدہ نہیں مل رہا جبکہ سبسڈی بھی انتہائی کم سطح پر ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے پر گڈز ٹرانسپورٹرز کا سخت ردعمل، کرایوں میں بڑا اضافہ کردیا
ملک شہزاد اعوان کے مطابق ایک ٹریلر ٹرپ کی لاگت میں تقریباً 200,000 روپے تک اضافہ ہو چکا ہے جبکہ ماہانہ چار ٹرپس کرنے والے ٹرک اور ٹریلرز پر مجموعی طور پر 800,000 روپے تک اضافی بوجھ پڑ رہا ہے ۔
انہوں نے ٹول ٹیکس، موٹروے فیس، ودہولڈنگ چارجز اور ٹریفک پولیس کے جرمانوں کے خاتمے کا مطالبہ بھی کیا۔ ان کے مطابق ان اضافی چارجز اور غلط پالیسیوں کی وجہ سے متعدد ٹرانسپورٹ آپریٹرز نے اپنا کاروبار روک دیا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ صورتحال کو مزید خراب کر رہا ہے جبکہ ٹرانسپورٹ انڈسٹری کو کسی قسم کی عملی حکومتی امداد حاصل نہیں ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:موٹرسائیکل سواروں اور ٹرانسپورٹرز کی سبسڈی میں ایک ماہ توسیع
ملک شہزاد نے آخر میں کہا کہ موجودہ حالات میں ٹرانسپورٹرز کو دو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، جن میں معاشی دباؤ اور حکومتی پالیسیاں شامل ہیں، جس کے باعث کئی آپریٹرز اپنا کاروبار خسارے میں چلا رہے ہیں ۔




