اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہریوں کی سہولت کے لیے ایک اہم فیصلے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت اب ملک بھر میں نارمل پاسپورٹ کا اجرا 21 دن کے بجائے صرف 14 روز میں کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد پاسپورٹ کے حصول کے عمل کو تیز بنانا اور عوام کو انتظار کی زحمت سے بچانا ہے۔
وفاقی وزیر نے پاسپورٹ دفاتر میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیتے ہوئے ہدایت جاری کی ہے کہ تمام دفاتر میں مکمل طور پر کیش لیس سسٹم رائج کیا جائے۔ اس سلسلے میں انہوں نے متعلقہ حکام کو 15 روز کے اندر اس نظام کو حتمی شکل دینے اور نافذ کرنے کا ٹاسک بھی دے دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یو اے ای ،پاکستانی سفارتخانے میں پاسپورٹ پراسیسنگ معطل ،بڑی وجہ سامنے آگئی
علاوہ ازیں، حکومت نے پاسپورٹ کی گھروں کی دہلیز تک فراہمی (ہوم ڈیلیوری) کے نظام کو مزید مؤثر اور فعال بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس نئے نظام کے تحت شہریوں کو اپنے پاسپورٹ وصول کرنے کے لیے دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے، بلکہ ایک بہتر ڈیلیوری نیٹ ورک کے ذریعے پاسپورٹ براہِ راست ان کے گھر پہنچایا جائے گا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ان اصلاحات کا مقصد پاسپورٹ دفاتر میں کرپشن کے امکانات کو ختم کرنا اور عوام کو کسی بھی قسم کی دشواری کے بغیر بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ کیش لیس سسٹم سے جہاں شفافیت آئے گی، وہی عوام کو فیسوں کی ادائیگی میں بھی آسانی ہوگی۔




