میرپور: وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی ہدایت پر میرپور کے شہریوں کے لیے ایک انتہائی احسن اقدام اٹھاتے ہوئے “انٹر سٹی فری پبلک ٹرانسپورٹ سروس” کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس اہم سہولت کا افتتاح کمشنر میرپور راجہ طاہر ممتاز خان نے ایک پروقار تقریب کے دوران کیا۔
اس منصوبے کے ابتدائی مرحلے میں میرپور شہر سے نیو سٹی، خالق آباد، جاتلاں اور بن خرماں جیسے اہم علاقوں تک مفت سفری سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ مزید برآں، انتظامیہ نے میرپور سے چیچیاں، افضل پور، چتر پڑی اور منگلا روٹس پر بھی مفت ٹرانسپورٹ کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے، جس سے ہزاروں مسافر روزانہ مستفید ہو سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر ہائی کورٹ کا تاریخی فیصلہ، پنجاب کی طرز پر سول پراسیکیوشن سسٹم نافذ کرنے کا حکم
اس فلاحی منصوبے کی کامیابی کے لیے میرپور ٹرانسپورٹ یونین اور ٹرانسپورٹ فیڈریشن نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور فیصل ممتاز راٹھور کا شکریہ ادا کیا ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ فری پبلک ٹرانسپورٹ کے آغاز سے نہ صرف عام شہریوں بلکہ دیہاڑی دار طبقے اور طلبہ کو بھی سستی اور آسان سفری سہولت میسر آئے گی، جس سے ان کے ماہانہ اخراجات میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس سروس کا دائرہ کار ضرورت کے مطابق مزید بڑھایا جا سکتا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔




