وادی نیلم: چیئرمین پاسبانِ حریت عزیر احمد غزالی نے مقبوضہ جموں کشمیر میں جاری بھارتی فوجی محاصرے، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت سے مسلسل محروم رکھنے کے خلاف کل یکم مئی 2026 کو بعد از نمازِ جمعہ “کشمیر کو حق دو بھارت” ریلی کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں عزیر احمد غزالی نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں آزادی، انصاف اور بنیادی انسانی حقوق کا مطالبہ کرنے والے نہتے کشمیریوں کو بھارتی افواج بدستور ظلم و جبر کا نشانہ بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ سے زائد کشمیری شہداء کی قربانیاں، ہزاروں سیاسی قیدی، کالے قوانین، طویل فوجی محاصرے اور ریاستی دہشت گردی بھارت کے اصل چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کے حق میں پوسٹرز، وزیر اعظم اور آرمی چیف کو خراجِ تحسین
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے جموں کشمیر کو خونی لکیر کے ذریعے تقسیم کر کے لاکھوں خاندانوں کو جدائی، کرب اور اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے، جبکہ کیرن کا حالیہ واقعہ کشمیری عوام پر جاری مظالم اور بھارتی بربریت کی ایک واضح مثال ہے۔ عزیر احمد غزالی کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت میں غیر متزلزل مؤقف رکھتا ہے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنی سفارتی و سیاسی کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ “کشمیر کو حق دو بھارت” ریلی کل یکم مئی چشمہ چوک کیل بازار سے نکالی جائے گی۔ انہوں نے وادی نیلم کے حریت پسند عوام، سیاسی و سماجی کارکنوں اور نوجوانوں سے اس احتجاجی ریلی میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے تاکہ کشمیریوں کے حقِ آزادی کے لیے مؤثر آواز بلند کی جا سکے اور بھارتی مظالم کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جا سکے۔




