انسپکٹر جنرل پولیس آزادکشمیر کپٹن (ریٹائرڈ )لیاقت علی ملک نے کوٹلی کے دورہ کے دوران پولیس کانفرنس میں شرکت کی اور اہلکاروں کو مسائل حل کروانے کی یقین دہانی کے علاوہ انہیں ٹاسک سونپ دیئے۔
انسپکٹر جنرل پولیس نے کہا کہ آزاد کشمیر پولیس کی قیادت میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ کانسٹیبل سے ڈی آئی جی تک تمام میرے لئے قابل احترام ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں:پولیس اہلکار کا اپنے بچوں پر تشدد،اہلیہ کا آئی جی آزادکشمیر سے کارروائی کا مطالبہ
آزاد کشمیر میں پوسٹنگ کے بعد میں نے کوہالہ چوکی پراپنی پہلی گفتگو میں کہا تھا کہ میرا ماٹو عوام اور جوان ہیں۔ عوام کی جان ومال کی حفاظت اور جوان کی ویلفیئر میری پہلی ترجیح ہے ۔
انہوں نے کہا کہ میرے دروازے عوام کے ساتھ ساتھ پولیس ملازمین کے لئے بھی کھلے ہیں ۔آپ کبھی بھی بغیر کسی سفارش کے مجھ سے ملاقات کرسکتے ہیں۔
کانفرنس میں ملازمین کو درپیش مسائل سنے اور ان کے جائز مطالبات اور مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کروائی ۔
لیاقت علی ملک نے کہا کہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی اور بہتر روابط سے نہ صرف محکمے کی کارکردگی بہتر ہوتی ہے بلکہ مسائل کے حل میں بھی آسانی پیدا ہوتی ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس اہلکار عوام کو عزت دیں، مظلوم کی مدد کریں، حق و سچ پر قائم رہیں اور اپنے حلف کی مکمل پاسداری کریں۔
آئی جی نے ملازمین کی چھٹیوں اور رخصتوں سے متعلق مسائل حل کرنے کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ ہر ملازم کو اس کی جائز و ضروری رخصت فراہم کی جائے گی۔ اگر کوئی ملازم رخصت نہ لے رہا ہو تو اس کے مسائل کو سمجھتے ہوئے مناسب معاونت فراہم کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر پولیس کا کسی سیاسی جماعت یا مسلک سے کوئی تعلق نہیں،آئی جی لیاقت علی ملک
انہوں نے کہا کہ سی ایس ڈی کے ذریعے خورد و نوش کی اشیاء مناسب رعایت پر فراہم کرنے، پولیس اہلکاروں کے بچوں کے لیے تعلیمی پیکج، اے پی ایس سکول میں فیسوں میں کمی، سی ایم ایچ ہسپتال میں طبی سہولیات میں ریلیف، اور موسم کے مطابق معیاری یونیفارم کی فراہمی پر کام جاری ہے۔
انسپکٹر جنرل پولیس جونوان میں گھل مل گئے، جوانوں کے ساتھ کھانا کھایا جوانوں کی حوصلہ افزائی بھی کی۔




