میرپور(آصف اقبال کشمیر ڈیجیٹل) انسپکٹر جنرل پولیس آزادجموں و کشمیر کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر پولیس کا کسی سیاسی جماعت یا مذہبی مسالک سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
آزاد کشمیر میں ہونے والے الیکشن میں پولیس فورس صاف شفاف،منصفانہ بنانے کے لیے مکمل طور پر غیر جانبدار رہے گی۔پولیس فورسزمیں تبادلہ جات میں کسی قسم کا کوئی سیاسی عمل دخل نہیں ۔
آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی جان و مال کی حفاظت اور پولیس فورس کے جوانوں کی عزت نفس کو قائم رکھنا میرا مشن ہے۔
پولیس کا رویہ بغیر پیسے کے درست کیا جاسکتا ہے۔انھوں نے کہا کہ مجھے آزاد جموں وکشمیر کے عوام کی خدمت کے لیے بھیجا گیا ہے۔
اگر میں اچھا کام کروں تو میرا ساتھ دیں غلط کام کروں تو مجھے روکیں۔ ریاست کے عوام کی جان ومال اور عزت میرے پر فرض ہے
میں کسی ایک مذہب، مسلک،برادری اور کسی سیاسی و مذہبی جماعت کا آئی جی نہیں بلکہ پوری ریاست کے عوام کا آئی جی ہوں۔
اس کے لیے میں اپنی تمام تر توانائیاں استعمال کروں گا۔ منگلا کے مقام پر اور میرپور میں جس طرح عوامی نمائندگان اور سول سوسائٹی نے میری حوصلہ افزائی کی ہے اس پر میں پورا اتروں گا۔
آئی جی کا آفس تمام لوگوں کے لیے کھلا ہے۔مظفرآباد اگر کسی اور کام سے آنا ہوا تو میرے دفتر آپ نے ضرور آنا ہے۔
میرا کوئی ایسا ایجنڈا نہیں ہے کہ میں جب یہاں سے واپس جاؤں تو مجھے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے۔
آزادکشمیر پولیس کے خدمت مراکز کو فعال کررہے ہیں۔عوام الناس سے التماس ہے کہ وہ تھانوں کی آنر شپ لیں اور پولیس کے ساتھ اپنا لیزان قائم رکھیں جس سے پولیس کلچر میں بہتری آئے گی۔
آزاد کشمیر میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ،ایلیٹ پولیس کا قیام، مظفرآباد،روالاکوٹ میرپور سیف سٹی پر اجیکٹ، رائٹ مینجمنٹ پولیس کا قیام،آزاد کشمیر پولیس اور ان کی فیملیز کو سی ایم ایچ میں علاج معالجہ،APSمیں تعلیم اور CSDشاپ میں فوج کے برابر سہولیات میسر کررہے ہیں۔
میرپور میں جلد لیڈی پولیس اسٹیشن کام کرنا شروع کردے گا۔آزادکشمیر پولیس فورسز میں نفری کے اضافے اور وسائل کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
آزادکشمیر پولیس ریاست کی پولیس ہے اور ریاست کے عوام میں سے ہے۔عوام اور پولیس کے باہمی اشتراک سے جرائم کو کنٹرول کرنے،ٹریفک مینجمنٹ اور دیگر کئی امور کیلئے عوام دوست پولیس سسٹم متعارف کروا رہے ہیں۔
تھانوں میں مقدمات کی فری رجسٹریشن کیلئے کسی سفارش کی ضرورت نہیں ہوگی اور نہ ہی کوئی درخواست پینڈنگ رکھی جائے گی۔
تھانہ میں آنے والے سائلین کی عزت و نفس کا بھرپور خیال رکھا جائے گا۔پولیس اور میڈیا کا چولی دامن کا ساتھ ہے اگر پولیس اچھا کام کرے تو اس کا ساتھ دیں۔اگر پولیس کوئی غلط کام کرے تو اس کو روکیں اور اس کی نشاندہی کریں۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے دورہ میرپور کے دوران ضلع کونسل،بلدیہ، وکلاء، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز،انجمن تاجراں، میڈیا نمائندگان،پولیس کے ریٹائرڈ آفیسرا ن وملازمین اور سول سوسائٹی کے نمائندگان کے وفود کے ساتھ منعقدہ اجلاسوں میں کی
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں کن آئی فونز پر 5G فعال ہوا ہے اور کیسے؟ آئی فون صارفین کے لیے بڑی خوشخبری آگئی
۔قبل ازیں انھوں نے منگلا پولیس تھانہ میں معززین علاقہ سے بھی بات چیت کی۔ اس موقع پر ڈی آئی جی رینج میرپور کامران علی مغل اور ایس ایس پی خرم اقبال نے پولیس افسران کے ہمراہ ان کا منگلا انٹری پوائنٹ پر والہانہ پرتپاک استقبال کیا۔۔
انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیے گے، سول سوسائٹی اور پولیس کے جوانوں نے ان پر گل پاشی کی،جبکہ ڈی آئی جی آفس پہنچنے پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی اور گارڈ آف آنر پیش کیا۔۔
قبل ازیں انسپکٹر جنرل پولیس آزاد جموں وکشمیر کیپٹن ریٹائرڈ لیاقت علی ملک نے منگلا تھانہ میں ایس ایچ او کی رہائش کی تعمیر شدہ بلڈنگ کا افتتاح کیا اور تھانہ کی حدود میں تعمیر ہونے والی مسجد کی بلڈنگ کا سنگ بنیاد رکھا۔
بعد ازاں انہوں نے منگلا انٹری پوائنٹ پر پولیس اسٹیشن کے ریسیپشن آفس اور تھانہ کا دورہ کیا اور روزنامچہ دیکھا اوردرج مقدمات اور جرائم کے حوالے سے تفتیش، اشتہاری ملزمان کے خلاف پراگرس سمیت دیگر اہم امور کے سلسلہ میں ہدایات دیں۔۔
اس موقع پر اسسٹنٹ انسپکٹر جنرل پولیس عابد علی میر،سول سوسائٹی، ڈسٹرکٹ کونسلرز،کونسلرز اور دیگر افراد بھی موجود تھے۔
انسپکٹر جنرل پولیس آزادجموں وکشمیر کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے کہاکہ میں نے بطور انسپکٹر جنرل پولیس کے جب ذمہ داریاں سنبھالی تو ایک ہی مشن تھا کہ ریاست کے عوام اور جوانوں کی جان و مال کی حفاظت اور عزت وتکریم کو برقرار رکھنا ہے۔۔
خطہ میں قانون و آئین کی بالادستی، لوگوں کی جان و مال کی حفاظت، شہریوں کو بلا خوف و خطر عوام دوست پولسنگ سسٹم کو عملی طور پر متعارف کروانا ہے
اس حوالے سے کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے قیام کے 473 نئی آسامیاں تخلیق کروا رہے ہیں۔ ایلیٹ پولیس کا قیام کے لئے 450 نفری جو کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے تیار ہے جس کے لیے ہر جوان کو دس ہزار روپے اضافی الاونس بھی دیا جائے گا۔۔
میرپور، مظفرآباد اور راولاکوٹ میں پنجاب طرز کا اسٹیٹ آف آرٹ سیف سٹی پراجیکٹ لا رہے ہیں جو آئی جی آفس سے لنک ہوگا اور اس میں ہر قسم کے جرائم کا سافٹ وئیر اور ڈیٹا موجود ہوگا۔
انھوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ ٹریفک کنٹرول کے لیے عوام اور پولیس کے باہمی اشتراک سے ٹریفک کنٹرول مینجمنٹ کمیٹیاں بنائیں تاکہ انھیں ٹریفک کنٹرول کے حوالے سے کسی قسم کا مسائل کا سامنا نہ کرنے پڑے۔
انھوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں ماڈل تھانہ جات اور موبائل پولیس سسٹم لانچ کررہے ہیں،آزاد کشمیر میں نئی پولیس بھرتیاں میرٹ پر کریں گے، عوامی مسائل کے حل کیلئے مساجد میں کھلی کچہریاں لگائی جائیں گی۔۔
پولیس کی نفری میں اضافہ اور وسائل بڑھائیں گے۔ہر کام کے لئے پی سی ون کی ضرورت نہیں،کچھ کام بغیر وسائل کے بھی حل کیے جاسکتے ہیں۔۔
اس موقع پر چیئرمین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا،مئیر میونسپل کارپوریشن عثمان علی خالد،نائب صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن شوکت علی مغل،چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے سابق صدورچوہدری جاوید اقبال،فیصل منظور،انجمن تاجراں کے سہیل شجاع مجاہد،چوہدری محمد نعیم،راجہ خالد محمود خان،آصف ڈار،مرزا فتخار،شیخ غلام سرور،پریس کلب کے صدر سید عابد حسین شاہ کی قیادت میں عہدیداران و اراکین نے الگ الگ ملاقاتوں میں انسپکٹر جنرل پولیس کی عوام دوست پالیسیوں کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ آزادکشمیر پولیس کی بہتری کے لیے تمام مکاتب فکر ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔




