مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل ) ہیلتھ ایمپلائز فیڈریشن آزادکشمیر کی قیادت میں محکمہ صحت عامہ کے مرد و خواتین ملازمین نے اپنے دیرینہ مسائل اور جائز مطالبات کے حق میں بھرپور احتجاج ریکارڈ کروایا۔
مختلف اضلاع سے آئے ہوئے ہیلتھ ورکرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اپنے حقوق کے حق میں نعرے درج تھے۔
مقررین نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر سنجیدہ مذاکرات کا آغاز کرتے ہوئے چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد کو یقینی نہ بنایا تو یکم مئی سے ایمرجنسی سروسز کے علاوہ تمام دفاتر مکمل طور پر بند کر دیئے جائیں گے اور غیر معینہ مدت تک ہڑتال جاری رکھی جائے گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ایرانی وزیرخارجہ کا دورہ ماسکو،امریکہ کیخلاف مزاحمت جاری رکھنے کا عزم
انہوں نے واضح کیا کہ اس صورتحال کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی، اور ملازمین اپنے حقوق کے حصول تک کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
جبکہ شرکاء نے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ چارٹر آف ڈیمانڈ ایک متفقہ دستاویز ہے جس میں محکمہ صحت کے تمام کیڈرز کے بنیادی مسائل کو اجاگر کیا گیا ۔
مگر اس کی منظوری میں مسلسل تاخیر ملازمین میں بے چینی اور اضطراب کو بڑھا رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ صحت کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے سروس سٹرکچر کی فوری منظوری دی جائے ۔
جامع ٹریننگ پالیسی کا نفاذ، ہیلتھ الاؤنس اور اسپیشل ہیلتھ کیئر الاؤنس میں اضافہ، ڈرگ سیلز لائسنس کی بحالی، اور MNCH پروگرام کی مستقل بنیادوں پر منتقلی نہایت ضروری ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل :وزیراعظم کی شائقین کو میچز سٹیڈیم میں دیکھنے کی مشروط اجازت
مزید برآں ہیلتھ فاؤنڈیشن کے قیام، ہیلتھ ورکرز کی ریگولرائزیشن، پنشن اور سروس بینیفٹس کے مسائل کے حل، یونین سازی کے آئینی حق کی بحالی، اور میڈیکل اسسٹنٹس کے متبادل کے طور پر ڈگری ہولڈرز پر مشتمل ایڈمن و ٹیچنگ کیڈر کے قیام کو بھی ناگزیر قرار دیا گیا۔
مقررین نے کہا کہ تمام کیڈرز کیلئے الگ الگ درجہ وار سروس سٹرکچر، ہیلتھ انشورنس کے بقایا جات کی فوری ادائیگی اور جی پی فنڈ (GPF) پر منافع کی فراہمی جیسے اقدامات نہ صرف ملازمین کی فلاح کیلئے ضروری ہیں بلکہ ادارہ جاتی کارکردگی میں بہتری کا باعث بھی بنیں گے۔
فیڈریشن کے رہنماؤں جن میں سرپرست اعلیٰ سردار خالد محمود، چیئرمین ڈاکٹر عثمان محبوب اعوان، سیکرٹری جنرل سید سجاد نقوی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل میر محمد عارف اور دیگر شامل تھے،۔۔
اس موقع پر سرپرست اعلیٰ ہیلتھ ایمپلائز فیڈریشن آزادکشمیر سردار خالد محمود، چیئرمین ڈاکٹر عثمان محبوب اعوان، سیکرٹری جنرل سید سجاد نقوی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل میر محمد عارف، ملک عرفان، راجہ شہزاد، ملک احتشام، واجد چوہدری، عابد مغل، خواجہ افتخار، راجہ رفاقت، کمال عبدالرحمان، عبدالحفیظ اعوان، ملک اشراف، میر اعجاز، فوزیہ جبین، راشدہ نور عالم، یثرب بشیر، شاہدہ سرور سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو یکم مئی سے تمام دفاتر بند کر دیئے جائیں گے اور ایمرجنسی سروسز کے علاوہ مکمل ہڑتال کی جائے گی، جو مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی۔




