فیصل راٹھور

تعلیمی پیکیج میں کمی پیشی کو دور کیا جائیگا،فیصل راٹھور

کوٹلی ( کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ حکومت نے ایک جامع تعلیمی پیکیج متعارف کروایا جس سے قبل مکمل ریشنلائزیشن کی گئی تاکہ حقیقی بنیادوں پر اصلاحات لائی جا سکیں۔ہم عملی اقدامات کے ساتھ میدان میں آئے ہیں۔

دیہاڑی باغ کھوئی رٹہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے فیصل راٹھور نے کہا کہ حکومت نے سرمایہ کاری اور زرعی شعبے کی بہتری کے لیے انویسٹمنٹ کانفرنس اور زرعی کانفرنس کا انعقاد کیا تاکہ ہر نظر انداز شعبے کو اہمیت دی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: فیصل راٹھور نے خود کہا آپ اپنا’’راستہ‘‘ دیکھ لیں، خواجہ طارق سعید کا انکشاف

اللہ کے فضل سے ہم ایک بار پھر عوامی عدالت، یعنی انتخابات کی طرف بڑھ رہے ہیں، موجودہ حکومت نے اقتدار کے ایوان عوام کے لیے کھول دیے ہیں ، آج سیکرٹریٹ میں عوام کی بڑی تعداد نظر آتی ہے۔

ہیلتھ کارڈ کی بحالی اور پراپرٹی ٹیکس میں کمی جیسے اقدامات عوامی فلاح کے لیے کیے گئے، جبکہ حکومت نے ہمیشہ عوامی مفاد کو ترجیح دی ہے۔تعلیمی پیکیج میں اگر کوئی کمی رہ گئی تو اسے بھی دور کیا جائے گا۔

کھوئی رٹہ میونسپل کمیٹی کے قیام، چیڑی پل کے پی سی ون کی تیاری اور بنڈیال دھناں پل کی منظوری کا اعلان کرتا ہوں ، سواناں پل کا معاملہ بھی زیر غور لائیں گے ، آج کھوئی رٹہ کے عوام نے جس جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا ہے وہ ہماری آئندہ کامیابی کی نوید ہے ،پیپلز پارٹی اتحاد کے ساتھ آئندہ الیکشن میں اترے گی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ؤسیاسی جماعتیں نظریات پر قائم رہتی ہیں ، پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی سیاست کو فروغ دیا ہے۔ میرے مرحوم والد کو مختصر وقت ملا لیکن آج بھی لوگ ان کی کارکردگی کو یاد رکھے ہوئے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ جب ہمیں اقتدار ملا تو ریاست میں بے چینی اور مشکلات کا دور تھا، تاہم حکومت نے تعمیری اور ترقیاتی اقدامات کے ذریعے حالات کو بہتر بنایا۔ موجودہ حکومت 2026 کی حکومت کا ٹریلر ہے اور آنے والا وقت مزید بہتری لے کر آئے گا۔پارٹی کارکنان اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھیں، کیونکہ اسی میں کامیابی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم متحد رہے تو پاکستان پیپلز پارٹی اس ضلع سے چھ کی چھ نشستیں جیت سکتی ہے۔وزیراطلاعات چوہدری رفیق نئیر، چوہدری ولید انقلابی اور دیگر رہنماؤں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ تمام کارکنان اور قائدین کو اتفاق و اتحاد کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا کیونکہ یہی کامیابی کی ضمانت اتحاد ہے ۔اتحاد کے ساتھ ہی پیپلز پارٹی جیتے گی۔

یہ بھی پڑھیں: چارٹر آف ڈیمانڈ :ہیلتھ ایمپلائز کی وزیراعظم ،چیف سیکرٹری کو 30 اپریل تک مہلت

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آئندہ بھی عوامی طاقت سے حکومت بنائے گی اور خدمت کا سفر جاری رکھا جائے گا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ وہ تمام قراردادوں کی مکمل تائید کرتے ہیں اور عوامی مفاد کے ہر اقدام کی حمایت جاری رہے گی۔حکومت نے تعمیر و ترقی کو اولین ترجیح دی ہے اور اسی تسلسل کے ساتھ عوامی خدمت کا سفر جاری رہے گا۔

Scroll to Top