ترجمان وائٹ ہائوس کیرولائن لیویٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے پیش رفت نظر آرہی ہے،اسٹیووٹکوف اور کشنر ہفتے کی صبح اسلام آباد روانہ ہوں گے۔
ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق جے ڈی وینس امریکا میں رہ کر صورتحال پر نظر رکھیں گے،ضرورت پڑنے پر سب کو پاکستان جانے کیلئے اسٹینڈ بائے رکھا جائے گا،امریکی وفد پاکستان کی ثالثی میں ہونیوالے مذاکرات کیلئے جارہا ہے،پورے مذاکراتی عمل میں پاکستان شاندار اور بہترین ثالث ثابت ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی وفدکے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران سے مذاکرات کیلئے اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کر لیاہے ۔
سی این این کے مطابق امریکی وفد میں سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر شامل ہوں گے ، امریکی صدر کی جانب سے وفد پاکستان بھیجنے کی دو حکام کی جانب سے تصدیق کر دی گئی ہے ۔
یاد رہے کہ کچھ دیر قبل ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی دورہ پاکستان کا اعلان کیا ، اپنے بیان میں ان کا کہناتھا کہ اسلام آباد، مسقط اور ماسکو کے دورے کا آغاز کر رہا ہوں، دوروں کا مقصد شراکت داروں کے ساتھ علاقائی پیش رفت پر مشاورت کرنا ہے، ہمارے ہمسایہ ممالک ہماری اولین ترجیح ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں مذاکراتی وفد کی آمد متوقع ہے ، ایرانی وفد وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کرے گا، وزیراعظم اور ایرانی وفد کی ملاقات میں عسکری قیادت بھی موجود ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:امریکی بحری بیڑا جارج بش بحر ہند میں داخل، تصاویر جاری
امریکہ کی لاجسٹک ، سیکیورٹی ٹیم مذاکراتی عمل کیلئے اسلام آباد میں پہلے سے ہی موجود ہے ، جبکہ ایرانی وفد کی آمد کے امکان کے باعث اسلام آباد میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے ، توسیعی ریڈ زون دوبارہ سیل کرنے کیلئے اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں ۔




