ایپلی کیشن

عوامی سہولت کیلئے’’اے جے کے ٹیکس آسان‘‘ جدید موبائل ایپلی کیشن ایپ متعارف

مظفر آباد (کشمیر ڈیجیٹل) محکمہ ان لینڈ ریونیو آزاد جموں و کشمیر نے عوامی سہولت اور ٹیکس نظام میں شفافیت کو فروغ دینےکیلئے ’’AJK TAX ASAAN‘‘ کے نام سے ایک جدید موبائل ایپلی کیشن ایپ متعارف کرا دی ہے ۔

اس ایپ کا مقصد شہریوں کو بااختیار بنانا اور ٹیکس وصولی کے عمل کو زیادہ قابلِ اعتماد بنانا ہے تاکہ عوام خود بھی اس نظام کی نگرانی میں اپنا کردار ادا کر سکیں ۔

اس نئی ایپ کے ذریعے صارفین دکانداروں کی جانب سے فراہم کردہ بلوں پر درج ٹیکس نمبرز کی فوری اور آسان تصدیق کر سکتے ہیں ۔

اگر کسی شہری سے خریداری کے دوران ٹیکس وصول کیا جاتا ہے تو وہ چند لمحوں میں اس ایپ کی مدد سے یہ جانچ سکتا ہے کہ آیا مذکورہ رسید قانونی اور مستند ہے یا نہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم کا انقلابی اقدام، سرمایہ کاروں کو کارخانے لگانے کی اجازت دیدی

اس سہولت سے نہ صرف عوام کو تحفظ ملے گا بلکہ ٹیکس چوری کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی ۔

مزید برآں، اگر کسی دکاندار کا ٹیکس ریکارڈ ایپ میں موجود نہ ہو یا اس کا ٹیکس نمبر مشکوک ہو تو صارف فوری طور پر اسی ایپ کے ذریعے اس کی رپورٹ درج کروا سکتا ہے ۔

اس اقدام سے غیر رجسٹرڈ کاروباری افراد کی نشاندہی ممکن ہوگی اور متعلقہ حکام بروقت کارروائی کر سکیں گے ۔

حکام کے مطابق اس ایپلی کیشن کے اجرا کا مقصد عوام اور حکومت کے درمیان اعتماد کو مضبوط بنانا اور ایک شفاف و منصفانہ ٹیکس نظام کی بنیاد رکھنا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل 11،پلیئرز کو آپس میں الجھنا مہنگا پڑا، بھاری جرمانہ عائد

شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے اس ایپ کا استعمال کریں، اپنے حقوق سے آگاہ رہیں اور ریاست کی تعمیر و ترقی میں فعال کردار ادا کریں ۔

Scroll to Top