واشنگٹن : ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پس منظر میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں امریکی نیوی کے سیکرٹری جان سی فیلن نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے ۔
ا ن اچانک فیصلے نے دفاعی اور سیاسی حلقوں میں نئی بحث کو جنم دے دیا ہے اور اسے موجودہ علاقائی صورت حال کے تناظر میں غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے ۔
امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جان سی فیلن نے اپنے منصب سے علیحدگی اختیار کر لی ہے ۔ تاہم حکام کی جانب سے ان کے استعفے کی وجوہات فوری طور پر ظاہر نہیں کی گئیں ۔
پینٹاگون نے اپنے بیان میں فیلن کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ایران کیساتھ جنگ بندی کیلئےکوئی ڈیڈ لائن طے نہیں : ترجمان وائٹ پاؤس
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا کو مشرقِ وسطیٰ میں پیچیدہ اور حساس صورت حال کا سامنا ہے، خاص طور پر ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث خطے میں غیر یقینی فضا پائی جا رہی ہے ۔
ماہرین کے مطابق اس نوعیت کی اعلیٰ سطحی تبدیلیاں دفاعی پالیسی اور اسٹریٹجک فیصلوں پر اثر انداز ہو سکتی ہیں ۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جان سی فیلن کے استعفے کے بعد ہنگ کائو کو قائم مقام سیکرٹری نیوی مقرر کر دیا گیا ہے، تاکہ ادارہ جاتی امور میں تسلسل برقرار رکھا جا سکے ۔
ہنگ کائو عارضی بنیادوں پر اس عہدے کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے جب تک مستقل تقرری عمل میں نہیں آ جاتی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ایرانی فوج کی بحری جہازوں پر فائرنگ، خطے میں کشیدگی میں اضافہ
توقع کی جا رہی ہے کہ آنے والے دنوں میں اس معاملے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آئیں گی، جو اس پیش رفت کی اصل وجوہات اور اثرات کو واضح کریں گی ۔




