صاحبزادہ فرحان

غلطیوں سے سبق سیکھ کر اسلام آباد کیخلاف تگڑا کم بیک کریں گے ، صاحبزادہ فرحان

کراچی (کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل )کے ایک سنسنی خیز میچ میں حیدرآباد کنگز مین نے ملتان سلطانز کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا ۔

گزشتہ روز کھیلے گئے اس میچ میں ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 213 رنز اسکور کیے ۔

ٹیم کی جانب سے اسٹیو اسمتھ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 106 رنز کی سنچری اسکور کی جبکہ صاحبزادہ فرحان نے بھی ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 66 رنز بنائے ۔

بھاری اسکور کے باوجود ملتان سلطانز اپنے ہدف کا دفاع نہ کرسکی۔ حیدرآباد کنگز مین نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے مطلوبہ 214 رنز کا ہدف 3 گیندیں قبل حاصل کرلیا ۔

فتح میں اہم کردار عثمان خان کی سنچری نے ادا کیا، جنہوں نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے میچ کا رخ اپنی ٹیم کی جانب موڑ دیا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستانی کرکٹر صاحبزادہ فرحان پلیئر آف دی منتھ قرار

میچ کے بعد پریس کانفرنس میں صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ جس انداز میں اسٹیو اسمتھ بیٹنگ کررہے تھے، اس سے بڑے اسکور کی اُمید تھی، تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ مخالف ٹیم نے بہتر کارکردگی دکھائی اور اس کا کریڈٹ بھی انہیں جاتا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کسی بھی وقت صورتحال تبدیل ہوسکتی ہے، اس لیے تمام ذمہ داری صرف بولرز پر نہیں ڈالی جاسکتی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنی اسٹرائیک ریٹ اور پاور ہٹنگ کو بہتر بنانے پر مسلسل کام کررہے ہیں اور میچ سیناریو کے مطابق پریکٹس بھی جاری ہے۔ فرحان کے مطابق محنت کرنے سے بہتری کے امکانات ہمیشہ موجود رہتے ہیں ۔

صاحبزادہ فرحان نے اسلام آباد کے خلاف آئندہ میچ میں مضبوط کم بیک کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم اپنی غلطیوں کو درست کرکے بہتر کارکردگی دکھائے گی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:صاحبزادہ فرحان نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

انہوں نے اسٹیو اسمتھ کے ساتھ کھیلنے کو خوش آئند تجربہ قرار دیا اور کہا کہ پی ایس ایل کے ابتدائی میچز میں کراؤڈ کی کمی محسوس ہوئی، تاہم اب حالات بہتر ہو رہے ہیں ۔

Scroll to Top