سپریم کورٹ آزاد کشمیر کوٹہ کیسز سے متعلق اپیلوں کی سماعت کل کرےگی

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل): سپریم کورٹ آف آزاد جموں و کشمیر کا فل بینچ سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ سسٹم کے خاتمے سے متعلق دائر 17 مختلف اپیلوں پر کل مورخہ 23 اپریل کو اہم سماعت کرے گا۔ ان اپیلوں کو قانونی اور عوامی حلقوں میں انتہائی اہمیت دی جا رہی ہے کیونکہ اس کیس کے فیصلے کا ریاست کے تعلیمی اور روزگار کے نظام پر گہرا اثر پڑے گا۔

یہ معاملہ سپریم کورٹ کے سامنے اس وقت آیا جب 16 اگست 2025 کو آزاد جموں و کشمیر ہائی کورٹ (عدالت العالیہ) نے ایک تاریخی فیصلہ سناتے ہوئے سرکاری ملازمتوں میں رائج دہائیوں پرانے کوٹہ سسٹم کو غیر آئینی اور امتیازی قرار دے کر ختم کرنے کا حکم دیا تھا۔ ہائی کورٹ نے قرار دیا تھا کہ 1989 کے بعد کے مہاجرین کے لیے کوٹہ نافذ کرنے والے قواعد آئین کے منافی اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:سپریم کورٹ آزاد کشمیر کا بڑا فیصلہ: چوہدری مقبول گجر بحیثیت رکن اسمبلی بحال

حکومت کی فوری سماعت کی درخواست:
گزشتہ ہفتے آزاد کشمیر حکومت نے کیس کی حساسیت اور طویل تاریخ کے پیش نظر سپریم کورٹ میں فوری سماعت کی درخواست دائر کی تھی۔ حکومت کا موقف تھا کہ اس کیس کی وجہ سے ریاست میں بھرتیوں کا عمل تعطل کا شکار ہے۔ عدالتِ عظمیٰ نے اس درخواست کو منظور کرتے ہوئے کیس کی فائلوں کو مکمل کر کے سماعت کے لیے کل (23 اپریل) کی تاریخ مقرر کی ہے۔

بھرتیوں پر حکمِ امتناعی:
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے ابتدائی سماعت کے دوران گریڈ 1 سے 15 تک کی تمام نان گزٹیڈ آسامیوں پر ہونے والی تقرریوں کو عارضی طور پر روکنے کا حکم جاری کیا تھا، جو تاحال برقرار ہے۔ اس حکمِ امتناعی کے باعث مختلف سرکاری محکموں میں بھرتیوں کا عمل معطل ہے۔ کل ہونے والی سماعت میں توقع کی جا رہی ہے کہ فل بینچ کوٹہ سسٹم اور معطل بھرتیوں کے حوالے سے اہم قانونی پہلوؤں پر غور کرے گا، جس پر تمام فریقین اور ریاست کے بے روزگار نوجوانوں کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔

مزید پڑھیں: کوٹہ کیس،سپریم کورٹ کا کیس مکمل کرکے پیش کرنے کا حکم

Scroll to Top