ہٹیاں بالا (کشمیر ڈیجیٹل)جہلم ویلی کی یونین کونسل پاہل کے علاقہ بلا سیٹھوکی ڈنگ ڈھوک میں دن دیہاڑے ریچھ نے نوجوان پر حملہ کر کے شدید زخمی کردیا۔
پاک آرمی کے جوانوں اور محکمہ صحت کے ملازمین نے ریسکیو کارروائی کرتے ہوئے زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا نوجوان کو ہسپتال منتقل کردیا۔
یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر : پہاڑی سے گر کر زخمی نایاب تیندوا جانبر نہ ہو سکا
تفصیلات کے مطابق 35سالہ سید مشتاق شاہ ولد انور حسین ساکن بلا سیٹھولکڑی کاٹنے کی غرض سے ڈنگ ڈھوک میں گیا جہاں منگل کو دن دس بجے ریچھ نے ان پر حملہ کردیا جس کے باعث اس کے چہرہ،گردن،ہاتھ اور دیگر جسم پر شدید چوٹیں آئیں۔
مقامی لوگوں نے زخمی نوجوان کو جنگل سے بی ایچ یو گندی گراں پہنچایا،جہاں ابتدائی طبعی امداد کے بعد انھیں بی ایچ یو گندی گراں کے ٹیکنیشن محمد حفیظ،پاک آرمی میڈیکل کے اہلکاروں نے انھیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہٹیاں بالا منتقل کیا۔
تشویشناک حالت کے باعث اسے ہٹیاں بالا سے سی ایم ایچ مظفرآباد ریفر کردیا گیا ہے،جہاں حالت خطرے میں بتائی جاتی ہے۔
اس واقعہ کے بعد پورے علاقہ میں شدید خوف وہراس پھیل گیا ہےاورعوام گھروں میں بند ہو کر رہ گئے۔
یاد رہے کہ جہلم ویلی میں آئے روز جنگلی جانور انسانی جان و مال کو نقصان پہنچاتے ہیں،اس کے باوجود محکمہ وائلڈ لائف نے جنگلی جانوروں کو قابو کرنے کے لیے کسی قسم کے اقدامات نہیں کئے۔
عوامی حلقوں نے جنگلی جانوروں کے حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم،وزیر وائلڈ لائف اور چیف سیکرٹری آزاد کشمیر سے نوٹس لینے،عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:جاپان میں ریچھوں کو آبادی سے دور رکھنے کے لیےمنفرد طریقہ اپنایا گیا
یاد رہے کہ گذشتہ سال اگست میں بھی یونین کونسل پاہل کے علاقہ ڈبراں میں چیتے نے ایک معصوم بچی پر حملہ کر کے اسے ابدی نیند سلا دیا تھا،گزشتہ روزپھر اسی یونین کونسل پاہل میں ریچھ نے حملہ کر کے انسانی جان کو شدید نقصان پہنچایا۔




