مسلم لیگ ن غربی باغ کا پائور شو، ،اہم فیصلے،پارٹی قیادت پر اعتماد کا اظہار

دھیرکوٹ (کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان مسلم لیگ (ن) حلقہ غربی باغ نے آئندہ انتخابات کیلئے بھرپور سیاسی حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کر لیا۔

اس سلسلے میں ایک اہم، منظم اور کامیاب اجلاس حلقہ صدر راجہ محمد اشراف خان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں کارکنان کے غیر معمولی جوش و خروش اور اتحاد نے پارٹی کی مضبوط پوزیشن کو مزید واضح کر دیا۔

اجلاس میں امیدواران اسمبلی راجہ افتخار ایوب خان، راجہ فیصل آزاد خان اورراجہ عابد علی عابدکے علاوہ ایس پی (ر) سردار ریاض عباسی، سردار زوہیب عباسی سمیت حلقہ بھر سے تعلق رکھنے والے عہدیداران، ممبران مجلس عاملہ، ضلع و لوکل کونسل کے نمائندگان، یوتھ ونگ، ایم ایس ایف، سوشل میڈیا ٹیم اور یونین کونسلز کے ذمہ داران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

شرکاء نے متفقہ طور پر پارٹی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انتخابی مہم کو مزید منظم اور مؤثر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کا 25 اپریل کے بعد آزادکشمیر اسمبلی کے گھیرائو کا اعلان

اجلاس کے دوران صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر شاہ غلام قادر کی قیادت کو سراہتے ہوئے ان کی سیاسی بصیرت اور جماعتی استحکام کیلئے کردار کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا گیا ، ملکی استحکام، مؤثر خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے حوالے سے ان کے اقدامات کو سراہا گیا۔

ا راجہ افتخار ایوب اورراجہ فیصل آزاد نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ایک مضبوط، منظم اور عوامی جماعت ہے جو ہمیشہ عوامی خدمت، میرٹ اور پائیدار ترقی کے ایجنڈے پر کاربند رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) بھرپور قوت کے ساتھ حصہ لے گی اور آزاد کشمیر میں حکومت بنا کر ترقی کے نئے باب رقم کرے گی۔

راجہ فیصل آزاد نے کہا 13ویں آئینی ترمیم ،ختم نبوت مسلم لیگ ن کے بڑے کارنامے ہیں۔ جس کو بھی ٹکٹ ملا اس کی بھرپور کمپین کریں گے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سردارعتیق کا بڑا بریک تھرو، ایکشن کمیٹی کے حمائت یافتہ راجہ الیاس ،خورشید عباسی مسلم کانفرنس میں شامل

دیگر رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ عوام اب کھوکھلے نعروں اور جھوٹے وعدوں کوپہچان چکے اور وہ اب مسلم لیگ ن کے تعمیرو ترقی کے ویژن کو ووٹ دیں گے۔

جس طرح مسلم لیگ ن پنجاب میں کام کررہی ہے،اسی انداز میں انشا ئاللہ آزادکشمیر میں بھی وہی تعمیر و ترقی شروع ہو گی۔

مسلم لیگ (ن) کی ماضی کی کارکردگی اس کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ محکمہ تعلیم میں این ٹی ایس کا نفاذ، شفاف بھرتیوں کا نظام، اور انفراسٹرکچر کی بہتری مسلم لیگ (ن) کے نمایاں کارنامے ہیں۔

بشارت شہید روڈ، چھپڑیاں گھوڑی کیر روڈ سمیت متعدد ترقیاتی منصوبوں پر مسلم لیگ ن نے کام شروع کیا جن سے عوام کو براہ راست فائدہ پہنچا۔

اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پارٹی کو گراس روٹ لیول تک مزید مضبوط کیا جائے گا۔۔

عوامی رابطہ مہم کو تیز کیا جائے گا اور ہر سطح پر کارکنان کو متحرک کر کے مسلم لیگ (ن) کے پیغام کو گھر گھر پہنچایا جائے گا۔

شرکاء نے اس یقین کا اظہار کیا کہ متحد اور منظم حکمت عملی کے ذریعے مسلم لیگ (ن) آئندہ انتخابات میں نمایاں کامیابی حاصل کرے گی اور عوام کی توقعات پر پورا اترے گی۔

Scroll to Top