پی ایس ایل 11 میں لاہور قلندرز کیخلاف شکست کے بعد راولپنڈیز کے کپتان محمد رضوان نے اپنی ٹیم کی کارکردگی پر کھل کر بات کرتے ہوئے ناکامی کا اعتراف کیا ہے ۔
پریس کامفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ ان کی ذاتی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں رہی، جس کا اثر پوری ٹیم کی کارکردگی پر بھی پڑا ۔ رضوان نے واضح طور پر کہا کہ اگر کارکردگی اچھی نہ ہو تو وہ خود بھی سمجھتے ہیں کہ قومی ٹیم میں جگہ نہیں بنتی ۔
انہوں نے اپنی کپتانی اور حکمت عملی میں کمی کا بھی اعتراف کیا اور کہا کہ وہ ایک انسان ہیں اور غلطیاں ہوسکتی ہیں۔ ان کے مطابق شاید ان کی پلاننگ بہتر نہیں تھی، جس کی وجہ سے وہ مطلوبہ نتائج حاصل نہ کرسکے ۔
رضوان نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیم میں اس سیزن نوجوان کھلاڑیوں کو آگے لانا ان کی ترجیح ہے تاکہ مستقبل کے لیے مضبوط بنیاد رکھی جا سکے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور ارجنٹائن کے درمیان دوستانہ فٹ بال میچ کے لیے مذاکرات کا آغاز
کپتان راولپنڈیز نے کہا کہ مسلسل سات میچوں میں شکست کے بعد مثبت پہلو تلاش کرنا مشکل ہوجاتا ہے لیکن اس کے باوجود ٹیم بہتری کی کوشش کر رہی ہے ۔
انہوں نے اس بات کی نشاندہی بھی کی کہ شاداب خان کا مؤثر متبادل اب تک ٹیم کو نہیں مل سکا، تاہم کچھ کھلاڑی ایسے ہیں جو مستقبل میں پاکستان ٹیم کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتے ہیں ۔
محمد رضوان نے قسمت کے عنصر کو بھی تسلیم کیا اور کہا کہ کرکٹ میں بعض اوقات نتائج آپ کے حق میں نہیں آتے ۔ انکا کہنا تھا کہ خراب کارکردگی پر تنقید بجا ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ ہمت ہار جائیں گے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ہار کی عادت 5سال پہلے چھوڑ چکے،لاہور قلندرز کے حارث رئوٖف کا بڑا دعویٰ
انہوں نے کہا کہ کرکٹ ان کے لیے محض کھیل نہیں بلکہ جنون ہے، اور وہ پوری لگن کے ساتھ اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی کوشش جاری رکھیں گے ۔




