پاکستان اور ارجنٹائن کے درمیان فٹ بال کے شعبے میں تعاون اور دونوں ممالک کی قومی ٹیموں کے درمیان ایک بین الاقوامی دوستانہ میچ کے حوالے سے ابتدائی مذاکرات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان فٹ بال فیڈریشن (PFF) اور ارجنٹائن فٹ بال ایسوسی ایشن (AFA) کے حکام کے درمیان آن لائن رابطہ ہوا، جس میں کوچنگ کی بہتری، تکنیکی تربیتی پروگرامز اور ممکنہ دوستانہ میچ سمیت باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔
مذاکرات کے دوران ارجنٹائن کے کوچز کے دورہ پاکستان اور ایک منظم ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت پاکستانی فٹ بال کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ارجنٹائن میں پاکستانی مشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، یہ “تعمیری اور مستقبل پسند” ملاقات پاکستانی مشن کی کوششوں سے ممکن ہوئی، جس کا مقصد ارجنٹائن کی جانب سے “AFA پاکستان” برانڈ کے قیام اور پاکستان کے فٹ بال ایکو سسٹم کے ساتھ جڑنے کی خواہش کو عملی جامہ پہنانا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:ہار کی عادت 5سال پہلے چھوڑ چکے،لاہور قلندرز کے حارث رئوٖف کا بڑا دعویٰ
اس اہم اجلاس کی صدارت سفیر حسن افضل خان نے کی، جس میں پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی اور ان کی ٹیم کے ساتھ ساتھ اے ایف اے کے مارکیٹنگ ڈائریکٹر فرانسسکو لیمی نے بھی شرکت کی۔ اگر یہ تجاویز حتمی شکل اختیار کر لیتی ہیں تو ممکنہ دوستانہ میچ فیفا ورلڈ کپ کے بعد منعقد ہوگا، تاہم کسی بھی حتمی اعلان سے قبل دونوں ممالک لاجسٹک اور تکنیکی معاملات پر کام جاری رکھیں گے۔ فی الحال مذاکرات ابتدائی مراحل میں ہیں اور کسی بھی باقاعدہ معاہدے کے لیے مزید ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔




