فلوریڈا میں سبزہلالی پرچم بلند، پاکستان انڈر 18 بیس بال کا چیمپئن بن گیا

پاکستان کی انڈر 18 بیس بال ٹیم نے امریکی ریاست فلوریڈا میں منعقدہ بین الاقوامی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پیراگوئے کو 0-11 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

ورلڈ کمز ٹو دی پام بیچز، پاورڈ بائی پراسپیکٹ وائر’ نامی یہ ٹورنامنٹ 21 سے 25 اکتوبر تک ویسٹ پام بیچ کے کیکٹی پارک میں کھیلا گیا۔ یہ میدان ہیوسٹن ایسٹروز اور واشنگٹن نیشنلز کی اسپرنگ ٹریننگ کے لیے بھی استعمال ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف فتح! محسن نقوی قومی ہیروز کی حوصلہ افزائی کے لیے گراؤنڈ پہنچ گئے

 یہ ایونٹ 2017 میں شروع کیا گیا تھا اور اب تک 6 براعظموں کے 30 سے زیادہ ممالک کے کھلاڑی اس میں شرکت کر چکے ہیں۔

ٹورنامنٹ میں 4 کیٹیگریز شامل ہیں، انڈر 12، انڈر 15، انڈر 18 اور 18 سال یا اس سے زیادہ عمر کے کھلاڑیوں کے لیے اوپن کیٹیگری رکھی گئی ہے۔

 پاکستان کی انڈر 18 ٹیم کو پاکستان بیس بال ایسوسی ایشن نارتھ امریکا  نے منظم کیا تھا۔ ایسوسی ایشن نے سوشل میڈیا کے ذریعے کھلاڑیوں کو کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔

ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی اس کے پروگرام کی ترقی کی عکاس ہے، جس کا مقصد باصلاحیت پاکستانی کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرنا اور انہیں اعلیٰ سطح پر مقابلے کے لیے پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد: پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ اسکول کرکٹ، الائیڈ اسکول مظفرآباد ڈویژن کا چیمپئن بن گیا

بیس بال پاکستان میں کرکٹ، ہاکی اور فٹ بال کے مقابلے میں کم مقبول کھیل ہے، اس لیے بیرونِ ملک مقیم پاکستانی نژاد کھلاڑیوں کی ایسی کامیابیاں اس کھیل کے لیے خاص اہمیت رکھتی ہیں۔