پی ایس ایل کی سب سے مہنگی فرنچائز راولپنڈیز پلے آف کی دوڑ سے باہر ہو گئی

کراچی: پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل )کی سب سے مہنگی فرنچائزراولپنڈیز ایک میچ بھی نہ جیت سکی اور مسلسل 7 شکست کھانے کے بعد پلے آف کی دوڑ سے بھی باہر ہو گئی ہے۔

لاہور قلندرز نے راولپنڈیز کو 32 رنز سے شکست دیدی،نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے ایونٹ کے 27 ویں میچ میں راولپنڈیز کی ٹیم 211 کے تعاقب میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنا سکی۔

یہ بھی پڑھیں:آئی پی ایل چھوڑ کر پی ایس ایل کیوں جوائن کی؟ معین علی نے بتا دیا

راولپنڈیز کی جانب سے یاسر خان 58 اور سعد مسعود 54 رنز کرنمایاں رہے۔ دیگر بلے بازوں میں ڈیرل مچل 11، کپتان محمد رضوان 9، ڈائن فوریسٹر 8، شاہزیب خان 7، سیم بِلنگز 7، رضا اللہ 5 اور کول میکونچی 3 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

آصف آفریدی اور محمد عامر 4، 4 رنز بناکر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔قلندرز کی جانب سے حارث رؤف نے3 جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور اسامہ میر نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔سکندر رضا اور ڈینیئل سیمز نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 210 رنز اسکور کیے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان 84 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ محمد فاروق 63، عبداللہ شفیق 26 اور سکندر رضا 0 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل ،گلین میکسویل نے اہم سنگ میل عبور کر لیا

آصف علی 14 اور چرتھ اسالنکا 1 کے اسکور پر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔راولپنڈیز کی جانب سے محمد عامر اور راز اللہ نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

زندگی کا سب سے مشکل مرحلہ ہے،کپتان راولپنڈیزمحمد رضوان

پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) کی فرنچائز راولپنڈیز کے کپتان محمد رضوان نے مسلسل 7 میچز میں شکست اور پلے آف کی دوڑ سے باہر ہونے کی ذمہ داری قبول کرلی۔

ہفتے کو لاہور قلندرز کے ہاتھوں شکست کے بعد راولپنڈیز کے کپتان محمد رضوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میری پرفارمنس اچھی نہیں تھی اس لیے ٹیم کا رزلٹ ایسا تھا۔

محمد رضوان نے کہا کہ یقینی طور پر میری طرف سے کوئی کمی ہوگی اس لیے ایسا رزلٹ رہا ، میں نوجوان پلیئر کے ساتھ اوپن کر رہا تھا ، میں پوزیشن کے حوالے سے اپنی خواہش ضرور رکھتا ہوں لیکن ٹیم کا فیصلہ متفقہ ہوتا ہے۔

راولپنڈیز کے کپتان محمد رضوان نےکہا کہ جب آپ ہارتے ہیں تو پازیٹیو نکالنا مشکل ہو جاتا ہے، کچھ چیزیں کافی مثبت رہی ہیں، ٹیم دیکھیں تو کہیں کوئی کمی نہیں لگ رہی لیکن قسمت ساتھ نہیں دے رہی ۔

یہ بھی پڑھیں:بابر اعظم پی ایس ایل کی تاریخ میں 4 ہزار رنز بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے

محمد رضوان نے کہا کہ لیڈر کو ٹیم کے رزلٹ سے نہ پہچانیں ، آپ بطور کپتان کوشش کرسکتے ہیں لیکن غلطیاں ہوں تو پھر کچھ نہیں ہوسکتا ۔

انہوں نے کہا کہ بگ بیش میں کہا تھا کہ میری پرفارمنس پر پاکستان ٹیم میں جگہ نہیں بنتی ، مجھ سے پرفارمنس نہیں ہوئی تو اسکا مطلب یہ نہیں کہ میں ہمت ہار جاؤں ، میرے لیے کرکٹ جنون ہے، مجھے اس کے علاوہ کچھ نہیں آتا، میں محنت کرکے واپس آوں گا۔

محمد رضوان نے کہا کہ یہ میری زندگی کا سب سے مشکل مرحلہ ہے، میں مانتا ہوں کہ میری ناکامی ہے، آگے میرے ہاتھ میں بس محنت کرنا ہے۔

یاد رہے کہ ملتان سلطان نامی فرنچائز نیلام کی گئی جو ولی ٹیکنالوجیز نے 2ارب 45کروڑ کی ریکارڈ بولی دے کر خریدی تھی لیکن یہ فرنچائز کوئی بھی میچ نہیں جیت سکی ہے۔

 

Scroll to Top