پی ٹی آئی سیاسی امور امجد نیازی سے اظہر گیلانی کی اہم ملاقات، عبدالقیوم نیازی پر اعتماد کا اظہار

اسلام آباد،مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)تحریک انصاف آزاد کشمیر کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید اظہر علی گیلانی نے بانی چیئرمین تحریک انصاف و سابق وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران خان نیازی کے سیاسی امور کے انچارج امجد خان نیازی سے اسلام آباد میں ایک اہم اور تفصیلی ملاقات کی۔

اہم ملاقات میں آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال، تنظیمی امور اور آئندہ کی حکمت عملی پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔

اس اہم ملاقات میں سابق وزیر و ممبر اسمبلی راجہ واجد الرحمن، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری تحریک انصاف آزاد کشمیر انصر پیرزادہ اور میجر گوندل بھی شریک تھے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر کا اعزاز: احمد مجتبیٰ، عارف راجہ،بلال نسیم ،ابراہیم نجم الثاقب کمیشنڈافسر تعینات

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف آزادکشمیر میں تقسیم کی وجہ سے پی ٹی آئی قیادت میں کافی بے چینی پائی جاتی ہے ۔اس حوالے سے اظہر گیلانی کی پی ٹی آئی انچارج سیاسی امور امجد نیازی سے اہم ملاقات ہوئی

ذرائع کے مطابق اس اہم ملاقات میں شرکاء نے آزاد کشمیر میں پارٹی کی تنظیمی کارکردگی، کارکنان کے کردار اور عوامی رابطہ مہم کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں۔

ملاقات کے دوران صدر تحریک انصاف آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سردار عبدالقیوم خان نیازی کی زیر قیادت جماعت نہ صرف منظم انداز میں آگے بڑھ رہی ہے بلکہ کارکنان میں بھی ایک نئی روح اور ولولہ پیدا ہوا ہے، جو آنے والے وقت میں پارٹی کی کامیابی کی ضمانت بنے گا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کامیاب سفارتکاری : مقبوضہ کشمیر عوام کا فیلڈ مارشل عاصم منیر کے حق میں نعرے ،دعائیں

اس موقع پر آزاد کشمیر میں قائم کیے گئے تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈ پر بھی مکمل اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ بورڈ کی تشکیل میرٹ، شفافیت اور پارٹی کے نظریاتی کارکنان کو آگے لانے کے اصولوں کے مطابق کی گئی ہے جس سے نہ صرف پارٹی مضبوط ہوگی بلکہ عوام کا اعتماد بھی مزید بڑھے گا۔

رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تحریک انصاف آزاد کشمیر میں عوامی خدمت، شفاف طرز حکمرانی اور میرٹ کے فروغ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

اس کے ساتھ ساتھ پارٹی کو گراس روٹ لیول تک مزید فعال بنانے، نوجوانوں کو متحرک کرنے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ملاقات کے اختتام پر اس بات پر زور دیا گیا کہ تحریک انصاف آنے والے سیاسی چیلنجز کا بھرپور مقابلہ کرے گی اور عوامی امنگوں کے مطابق فیصلے کرتے ہوئے آزاد کشمیر میں ایک مضبوط اور مستحکم سیاسی قوت کے طور پر ابھرے گی۔

Scroll to Top