ایران کا فضائی حدود جزوی طور پر کھولنے کا اعلان، پروازوں کی بحالی شروع

ایران کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک بھر میں فضائی حدود کو جزوی طور پر کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق آج صبح مقامی وقت کے مطابق 7 بجے سے مختلف ہوائی اڈوں پر پروازوں کی بحالی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس سے حالیہ دنوں میں فضائی آپریشنز میں آنے والا تعطل ختم ہونا شروع ہو گیا ہے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مشرقی فضائی راستوں پر بین الاقوامی پروازوں کی آمد و رفت بحال کر دی گئی ہے۔ اس فیصلے کے بعد ایرانی فضائی راستہ اب عالمی ٹریفک کے لیے دوبارہ دستیاب ہے۔ ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے ہوائی اڈوں کو مرحلہ وار کھولا جائے گا، جس کا دارومدار تکنیکی تیاریوں اور عسکری و سویلین ہوا بازی کے شعبوں کے درمیان ہم آہنگی پر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ ایران مکمل، تصفیہ طلب مسائل کے پرامن حل پر زور

انتظامیہ نے اس اقدام کو فضائی ٹریفک کی معمول پر واپسی کی جانب ایک محتاط قدم قرار دیا ہے۔ حکام نے زور دیا ہے کہ آپریشنز کی بحالی میں مسافروں کی حفاظت اور مکمل تیاری کو کلیدی اہمیت دی جا رہی ہے، جبکہ حالات مستحکم ہونے کے ساتھ ساتھ خدمات کی فراہمی بتدریج معمول پر آنے کی توقع ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے اسرائیل اور لبنان کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی کے دوران آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے کا بھی اعلان کیا تھا۔

مزید پڑھیں: پاکستان کا شکریہ، ایران سے ڈیل قریب، کل بڑا سرپرائز مل سکتا ہے: ٹرمپ

Scroll to Top