نیلم (کشمیر ڈیجیٹل)آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے مرکزی رہنما واُمیدوار اسمبلی حلقہ ایل اے 25 نیلم ون ، عابد افضل بٹ نے اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں یونین کونسل نگدر کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف علاقوں میں جا کر معززین علاقہ، عمائدین، نوجوانوں اور عوام الناس سے ملاقاتیں کیں اور ان کے مسائل سنے ۔
اس موقع پر عوام نے عابد افضل بٹ کا پرتپاک استقبال کیا اور ان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔دورے کے دوران نگدر کارکہ ڈاڈر سے رضوان اعوان، ذاکر اعوان، اقبال اعوان، ظفر اعوان، رشید اعوان، الطاف اعوان اور سمیع اللہ اعوان شامل ہیں نے اپنی سابقہ سیاسی وابستگیاں ختم کرتے ہوئے عابد افضل بٹ کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا اور باقاعدہ طور پر آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس میں شمولیت اختیار کر لی ۔
اس شمولیت کو علاقے کی سیاست میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے مسلم کانفرنس کی پوزیشن مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے ۔ اس موقع پر عابد افضل بٹ نے نئے شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ مسلم کانفرنس عوامی خدمت، میرٹ اور دیانتداری کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگ اب روایتی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں اور ایک مثبت تبدیلی چاہتے ہیں، جس کیلئے مسلم کانفرنس ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کے اعتماد پر پورا اترنا ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ علاقے کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کریں گے ۔عابد افضل بٹ نے کہا کہ یونین کونسل نگدر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں بنیادی سہولیات کی شدید کمی ہے، جس پر انہوں نے افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی خستہ حالی، صحت اور تعلیم کی ناکافی سہولیات، پینے کے صاف پانی کی قلت اور بے روزگاری جیسے مسائل نے عوام کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے، لیکن ماضی کے نمائندوں نے ان مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات نہیں کیے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ منتخب ہونے کے بعد وہ ان تمام مسائل کو حل کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ نیلم ویلی ایک خوبصورت اور وسائل سے مالا مال خطہ ہے لیکن بدقسمتی سے اسے ہمیشہ نظر انداز کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہاں کے نوجوان باصلاحیت ہیں مگر انہیں مواقع فراہم نہیں کیے گئے، جس کی وجہ سے وہ مایوسی کا شکار ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:دودھنیال :عابد افضل بٹ کا تگڑا وار، درجنوں افراد مسلم کانفرنس میں شامل
عابد افضل بٹ نے عزم ظاہر کیا کہ وہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے، تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے اور سیاحت کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کریں گے تاکہ علاقے کی معاشی حالت بہتر ہو سکے۔
اس دوران عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ کسی بھی صورت عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے ۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کے حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی سیاست کا مقصد صرف اقتدار حاصل کرنا نہیں بلکہ عوام کی حقیقی خدمت کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ علاقے میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھائیں گے اور ہر گاؤں، ہر محلے تک بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے ۔
نئے شامل ہونے والے رہنماؤں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عابد افضل بٹ کی صاف ستھری سیاست، عوامی خدمت کے جذبے اور علاقے کے لیے وژن کو دیکھتے ہوئے مسلم کانفرنس میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ عابد افضل بٹ کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر علاقے کی ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
علاقہ مکینوں نے بھی اس موقع پر اپنے مسائل بیان کرتے ہوئے کہا کہ انہیں گزشتہ کئی سالوں سے نظر انداز کیا جا رہا ہے اور ان کے بنیادی مسائل حل نہیں ہو سکے۔
انہوں نے عابد افضل بٹ سے اُمید ظاہر کی کہ وہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے اور علاقے کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:نگدروارڈ: اہم شخصیات مسلم لیگ ن ، پیپلزپارٹی چھوڑ کر مسلم کانفرنس میں شامل
عابد افضل بٹ نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں ہمارا ساتھ دیں تاکہ ایک مضبوط اور خوشحال نیلم ویلی کی بنیاد رکھی جا سکے ۔ یہ دورہ نہ صرف سیاسی لحاظ سے اہمیت کا حامل تھا بلکہ اس نے یہ بھی واضح کر دیا کہ علاقے میں سیاسی فضا تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے اور عوام ایک نئی قیادت کی طرف دیکھ رہے ہیں جو ان کے مسائل کو سمجھ کر ان کا حل پیش کر سکے۔




