پاکستان کا عالمی سطح پر ‘مرکزی کردار’، کامیابیاں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی حکمت عملی کا نتیجہ ہیں، خواجہ آصف

اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت عالمی سطح پر ایک “پیوٹل رول” یعنی مرکزی کردار ادا کر رہا ہے اور یہ تمام تر کامیابیاں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بہترین حکمت عملی کا ثمر ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعظم اور آرمی چیف کی مشترکہ حکمت عملی سے عالمی سطح پر پاکستان کا مقام بلند ہوا ہے اور دنیا بھر کی نظریں اب پاکستان پر مرکوز ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف 4 روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ، قطر اور ترکیہ بھی جائیں گے

خواجہ آصف نے بھارتی میڈیا کے منفی پراپیگنڈے کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی عالمی کامیابیوں پر بھارت میں صفِ ماتم بچھی ہوئی ہے، اب وہ ماتم نہیں کریں گے تو کیا شادیانے بجائیں گے؟ انہوں نے مزید کہا کہ 78 سالہ تاریخ میں پاکستان کے لیے اتنے مثبت عالمی جذبات پہلے کبھی نہیں دیکھے گئے۔ وزیراعظم کا حالیہ دورہ سعودی عرب، قطر اور ترکیہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس سے ملکی وقار میں اضافہ ہوگا۔

وزیر دفاع نے امید ظاہر کی کہ جاری مذاکرات کا دوسرا دور کامیاب ہوگا، جس سے نہ صرف خطے میں پائیدار امن آئے گا بلکہ ایران، لبنان اور فلسطین کے عوام کے حقوق کا تحفظ بھی یقینی بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم امہ میں بھائی چارے کا نیا دور شروع ہونے والا ہے اور دعا ہے کہ ان سیاسی و سفارتی کامیابیوں کے اثرات سے عوام کی معاشی مشکلات کا بھی خاتمہ ہو۔ انہوں نے وطنِ عزیز کی سلامتی اور اسے نظرِ بد سے بچانے کی دعا بھی کی۔

مزید پڑھیں: فیلڈ مارشل بہترین شخصیت،ایران سے مذاکرات کا اگلا دور اسلام آباد میں ہوسکتا ہے ،صدرٹرمپ

Scroll to Top