اسلام آباد: ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد نرخوں نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ عالمی مارکیٹ میں ہونے والے اتار چڑھاؤ کے اثرات مقامی صرافہ بازاروں پر بھی نمایاں نظر آ رہے ہیں، جہاں فی تولہ سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر جا پہنچی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، فی تولہ سونے کی قیمت میں 3 ہزار 500 روپے کا یکدم اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 5 لاکھ 3 ہزار 462 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح، 10 گرام سونے کے نرخوں میں بھی 3 ہزار 1 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد 10 گرام سونا 4 لاکھ 31 ہزار 637 روپے کا ہو گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمت میں یکدم بڑا اضافہ، فی تولہ سونا کہاں پہنچ گیا؟
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور مقامی کرنسی کی قدر میں اتار چڑھاؤ کے باعث سونے کے نرخ قابو سے باہر ہوتے جا رہے ہیں۔ ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر بین الاقوامی سطح پر یہی رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں سونے کی قیمتوں میں مزید اضافہ دیکھا جا سکتا ہے۔ قیمتوں میں اس غیر معمولی اضافے کے باعث صرافہ بازاروں میں خریداروں کا رجحان شدید متاثر ہوا ہے اور عوام کی قوتِ خرید میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔




